پاکستان کو ٹرانزٹ پوائنٹ بنا کر یورپ جانے کی کوشش ناکام، 2 افراد گرفتار
کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کو ٹرانزٹ پوائنٹ بنا کر آذربائیجان کے راستے یورپ جانے کی کوشش ناکام، ایف آئی اے امیگریشن نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 2 افراد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دو بنگلہ دیشی شہریوں محمد راجو اور شاہد کو روکا گیا، دونوں مسافر بنگلہ دیش سے ٹورسٹ ویزا پر کراچی پہنچے تھے، امیگریشن کلیئرنس کے دوران بیانات میں تضاد پایا گیا۔
مسافروں نے شادی کی تقریب میں شرکت کو دورے کا مقصد ظاہر کیا، جانچ کے دوران مذکورہ شادی جعلی ثابت ہوئی، موبائل فون سے واٹس ایپ گروپ چیٹ اور دیگر شواہد برآمد ہوئے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق چیٹ میں آذربائیجان کے ذریعے آگے سفر کی منصوبہ بندی سامنے آئی، آذربائیجان کے ویزوں کی الیکٹرانک کاپیاں بھی موبائل سے برآمد ہوئیں۔
آئی بی ایم ایس تصدیق میں میزبان کی پاکستان میں عدم موجودگی ثابت ہوئی، حقائق سے ظاہر ہوا کہ پاکستان کو ٹرانزٹ پوائنٹ کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافروں کا مقصد ڈنکی روٹ کے ذریعے یورپ پہنچنا تھا، دونوں مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا، مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔