فضائی ایندھن کی بڑھتی قیمتیں: پی آئی اے نے اہم فیصلہ کر لیا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) فضائی ایندھن کی لگاتار بڑھتی قیمتیں، پی آئی اے میں اعلیٰ سطح اجلاس میں بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ممکنہ نقصانات کے سدباب کیلئے منصوبہ ترتیب دے دیا گیا۔
پی آئی اے نے تمام ڈسکاؤنٹ ختم کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا، صرف بچوں اور نوزائیدہ بچوں کو رعایت حاصل رہے گی۔
پی آئی اے اپنا بیجنگ اور کوالالمپور آپریشن کو بھی بالترتیب 11 اور 14 اپریل سے معطل کر رہا ہے، خلیجی ممالک (ماسوائے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب) کی پروازیں بھی اپریل کے آخر تک معطل کی جارہی ہیں۔
متحدہ عرب امارات کا فضائی آپریشن ہفتہ وار 16 پروازوں تک محدود کیا جا رہا ہے، پی آئی اے انتظامیہ نے فیصلہ مہنگے جیٹ فیول کے چوتھی بار اضافہ کے تناظر میں کیا یے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ایندھن کی قیمتوں کا تمام بوجھ مسافروں پر نہیں ڈالا جاسکتا، اس لیے کچھ سخت انتظامی فیصلے لئے گئے۔
پی آئی اے ترجمان نے کہا کہ امید ہے بین الاقوامی سطح پر قیمتیں جلد معمول کے سطح پر آجائیں گی جس کے بعد تمام متاثرہ روٹ بحال کر دیئے جائیں گے۔