وزیراعظم کا نیشنل ٹیرف کمیشن کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ٹیرف کمیشن کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وزیراعظم کی زیرصدارت نیشنل ٹیرف کمیشن کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے اہم اجلاس ہوا، جس میں شہباز شریف نے کہا کہ ادارے کی تنظیم نو، فعال کارکردگی، صنعتی فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے ناگزیر ہے۔
انہوں نے تمام آپریشنل فنکشنز کی ڈیجیٹائزیشن، شفافیت، معیاری اصلاحات اور کیسز کو معینہ مدت میں نمٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قانونی پیچیدگیوں کا خاتمہ، ایپلٹ ٹریبونل کی بہتری اور صنعت کاروں کی سہولت کے لئے اقدامات یقینی بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک ترکیہ برادرانہ تعلقات تیزی سے معاشی شراکت داری کی جانب گامزن ہیں: وزیراعظم
شہباز شریف نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، عالمی معیار کے مطابق عملے کی تربیت اور پیشہ ور ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں بین الاقوامی بہترین اطوار اپنا کر کمیشن کی کارکردگی کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
چیئرمین نیشنل ٹیرف کمیشن نے وزیراعظم شہباز شریف سے منظور شدہ روڈ میپ کے تحت جاری قانونی، انتظامی اور مالی اصلاحات پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدیداران نے شرکت کی۔