پنجاب میں کفایت شعاری اقدامات نافذ، مارکیٹس رات 8 بجے بند کرنے کی ہدایت

لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ بھر میں کفایت شعاری اقدامات نافذ کر دیے گئے۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے، جبکہ شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کو رات 10 بجے تک بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

حکومت نے سرکاری گاڑیوں کے فیول کوٹے میں 50 فیصد کمی کر دی ہے اور نئی گاڑیوں کی خریداری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، سرکاری اجلاسوں کو آن لائن پلیٹ فارمز پر منعقد کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

نوٹیفکیشن کے تحت سرکاری افسران کے پروٹوکول اور سکیورٹی گاڑیوں کو محدود کر دیا گیا ہے، جبکہ سرکاری سطح پر عشائیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے، تاہم غیر ملکی وفود کو اس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

سرکاری دفاتر کے اوقات کار کو ہفتے میں 4 دن تک محدود کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، تاجر برادری نے اس فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ شہری صبح سویرے خریداری کے لیے نہیں آتے اور کاروباری حالات پہلے ہی خراب ہیں، اس لیے ایسی پابندیاں نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔

لاہور چیمبر کے صدر نے حکومتی فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارکیٹس جلد کھولنے اور رات 8 بجے بند کرنے کا اقدام مثبت ہے اور تاجر برادری کو اس پر عملدرآمد کے لیے قائل کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں