سندھ میں سکول وینز کے کرائے نہ بڑھانے کا حکم نامہ جاری
کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر سکول وینز کے کرائے نہ بڑھانے کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام سرکاری اور نجی سکولوں کو مراسلہ جاری کیا۔
سندھ حکومت کی جانب سے طلبہ کی پک اینڈ ڈراپ ٹرانسپورٹ فیس میں اضافے پر پابندی عائد کر دی گئی، جس میں کہا گیا کہ پرائیویٹ سکولز اور والدین کی جانب سے چلنے والی ٹرانسپورٹ پر کرایہ بڑھانے کی اجازت نہیں۔
حکم نامے میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود طلبہ ٹرانسپورٹ چارجز برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، والدین پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے سے روکنے کے لیے سخت احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ آپریٹرز کو سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تمام تعلیمی اداروں کو احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سکول انتظامیہ یا نجی انتظام کے تحت چلنے والی ٹرانسپورٹ، دونوں پر فیصلے کا اطلاق ہوگا، سکولوں کو طلبہ کی پک اینڈ ڈراپ سروسز کا مکمل ڈیٹا لازمی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام وینز اور ٹرانسپورٹ سروسز کی تفصیلات حکومت کو جمع کرائی جائیں، تعلیمی اداروں کو تنبیہہ کی گئی ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی ہوسکتی ہے۔