ایران کو ایک رات میں تباہ کردیں گے، شاید وہ رات آج ہو: ٹرمپ کی دھمکی
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو ایک رات میں تباہ و برباد کردیں گے ، شاید وہ رات آج ہو۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ریسکیو مشن اور آبنائے ہرمز ڈیڈ لائن پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں سب سے بڑے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کو کامیابی سے مکمل کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ 200 افراد کو صرف ایک فرد کو بچانے کیلئے بھیجا گیا، ہم نے ایسا کیا اور ہمارا ساتھ قسمت نے دیا، امریکا ایران میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے، ایک ملک کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکتا ہے اور وہ کل ہوسکتا ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ اس مشکل ریسکیو آپریشن میں ہم کسی ایک کو پیچھے نہیں رہنے دیتے، ہم نے ایران کی سرزمین سے امریکی پائلٹ کو ریسکیو کیا، کسی کے پاس ایسی ملٹری اور اسلحہ نہیں جو امریکا کے پا س ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کسی کے پاس ایسی ملٹری اور اسلحہ نہیں جو امریکا کے پاس ہے، ایف 15 جہاز کے طیارے سے کرنل کو بحفاظت واپس لے آئے، کرنل بری طرح متاثر تھا، ایرانی افواج بری طرح زخمی کرنل کو ڈھونڈ رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ کرنل نے اپنے زخموں کی مرہم پٹی کی اور پہاڑ کی بلندی پر چڑھتا رہا، کرنل کی تلاش میں ہزاروں ایرانی تھے اور امریکی طیارے بھی تلاش کر رہے تھے، ایران کی سر زمین سے 48 گھنٹوں میں زخمی حالت میں واپس نکالا گیا، کوئی امریکی زخمی نہیں ہوا۔
امریکی صدر نے کہا کہ میں نے امریکی فوج کو پائلٹ کو ریسکیو کرنے کا حکم دیا تھا، ہم نے اپنے طیاروں کو خود تباہ کیا کیونکہ کسی دشمن کو اس نئی ٹیکنالوجی تک نہیں جانے دینا چاہتے تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس دنیا کا بہترین جنگی ساز و سامان ہے، آپریشن میں حصہ لینے والے تمام فوجیوں کو سراہتا ہوں۔
انہوں نے ایران میں آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آپریشن میں 155 طیاروں اور 200 فوجیوں نے حصہ لیا، حصہ لینے والے 155 طیاروں میں 48 ری فیولنگ ٹینکرز اور 13 ریسکیو ایئرکرافٹ شامل تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اپنے ریت میں پھنسے دوبڑے طیارے تباہ کیے کیونکہ اس میں اہم سامان تھا، اپنے طیارے اس لیے تباہ کئے تاکہ دشمن کے ہاتھ نہ لگیں، ہم نے اپنے جہازوں کے بجائے اپنے فوجیوں کی جانوں کو بچانے کو ترجیح دی۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران ریسکیو مشن کی خبر لیک کرنے والے رپورٹر کا نام میڈیا کے اداروں سے پوچھوں گا، قومی سلامتی کے تناظر میں خبر لیک کرنے والے کو جیل ہونی چاہئے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں 30 دن کے دوران 10 ہزار سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں پھنسے فوجی افسر نے اپنی پیشہ ورانہ تربیت پر عمل کیا، ایرانی رجیم نے امریکی پائلٹ کو تلاش کرنے کے لیے ایران کے شہریوں کو بڑی لالچ دی، ایران ریسکیو آپریشن میں ایف 15 لڑاکا طیارہ بھی شامل تھا۔
امریکی صدر نے کہا کہ دونوں پائلٹس نے پیرا شوٹ کے ذریعے چھلانگ لگائی اور بحفاظت ایران میں لینڈنگ کی، پائلٹ کو واپس لانا بہت خطرناک مشن تھا، ایک پائلٹ کو بچانے کے لیے 100 سے زائد فوجیوں کی جانیں جاسکتی تھیں، ایسٹر کا یہ تہوار فوجی لحاظ سے بہترین رہا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکی پائلٹ 48 گھنٹوں تک ایران کی زمین پر پکڑے جانے سے بچتا رہا، بہترین مہارت، درستگی کے ساتھ امریکی فوج پائلٹ کو بچانے اس علاقے میں اتری۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو دی گئی منگل کی ڈیڈلائن حتمی ہے، آبنائے ہرمز نہ کھلی تو ایران کا کوئی پل نہیں بچے گا۔
واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران میں ہمارا آپریشن رجیم کی تبدیلی تھا، اب ایران کے پاس کچھ میزائل اور ڈرونز بچے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے پہلی، دوسری اور تیسری رجیم تبدیل کر دی، ڈیل کے لیے امریکی تجاویز بہت اہم ہیں اور ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کی حمایت کرنے والے بیوقوف ہیں، امریکا اب جن لوگوں سے بات کر رہا ہے وہ سخت گیرنہیں بلکہ دانشمند ہیں، ضرورت پڑی تو ایران کے تیل پر قبضہ کریں گے۔