دوسروں کو دھمکانے والا خود پتھر کے زمانے میں پھنسا ہوا ہے: ایرانی سیاسی قیادت
تہران: (دنیا نیوز) ایران کے نائب صدر رضا عارف نے ٹرمپ کی دھمکی پر کہا ہے کہ دوسروں کو دھمکانے والا خود پتھر کے زمانے میں پھنسا ہوا ہے۔
نائب صدر رضا عارف نے کہا ہے کہ ٹرمپ ایران کو پاور پلانٹ اور پل تباہ کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں جبکہ ایران نے دباؤ کے باوجود تعمیر و ترقی کے راستے کا انتخاب کیا۔
خیال رہے کہ ایران کی جانب سے بھرپور مزاحمت پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آپا کھو بیٹھے ہیں اور گالیوں پر اتر آئے ہیں، انہوں نے ایرانیوں کو نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے جنگی جرائم کرنے کی دھمکیاں دی ہیں جس پر خود امریکی سیاستدان بھی خفا ہوئے ہیں۔
ایرانی سپیکر پارلیمنٹ باقر قالیباف نے ٹرمپ کو مشورہ دیا ہے کہ غلطی نہ کریں، جنگی جرائم کے ذریعے کچھ حاصل نہیں کر سکیں گے، خطرناک کھیل کو ختم کیا جائے، ٹرمپ کے غیرذمہ دارانہ اقدامات ہر امریکی خاندان کو زندہ جہنم میں دھکیل رہے ہیں،، پورا خطہ جلنے والا ہے کیونکہ تم نیتن یاہو کے احکامات ماننے پر مصر ہو، واحد حل ایرانیوں کے حقوق کا احترام ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ خودمختاری کے دفاع کیلئے اپنی پوری طاقت سے تیار ہیں، ٹرمپ کے بیانات جنگی جرائم پر اکسانے کے مترادف ہیں، ایران کی توانائی اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی دھمکی ناقابل قبول ہے، سخت جواب دیا جائے گا۔
ایران کے سابق وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ ٹرمپ کا بیان گستاخانہ اور اشتعال انگیز ہے،ایران اپنا دفاع کرے گا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اسرائیل نے جنگ کا آغاز ہی ایک جنگی جرم سے کیا، امریکا اسرائیل نے سکول کے 170 بچوں کو نشانہ بنایا، ٹرمپ نے پاگل پن اور گھٹیا زبان میں مزید جنگی جرائم کی دھمکی دی۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے سوشل میڈیائی بیان میں بے ہودہ الفاظ استعمال کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ کل ایران کے بجلی گھر اور پل تباہ کئے جائیں گے، آبنائے ہرمز کھول دو ورنہ جہنم میں دھکیل دیے جاؤ گے، ایران میں پلانٹ اور پل دونوں ایک ساتھ لپیٹ میں آئیں گے۔
ٹرمپ نے یہ بھی دھمکی دی کہ ایران میں ایسا منظر دیکھا جائے گا جو پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا ہو گا، بس دیکھتے جاؤ، بہت حد تک امکان ہے آج معاہدہ ہوجائے، ایران کے کچھ عہدیدار بات چیت کر رہے ہیں، اسٹیووٹکوف اور جیرڈ کشنر ایرانیوں کے ساتھ سخت مذاکرات کررہے ہیں، ایران نے معاہدہ نہ کیا تومیں سب کچھ تباہ کرنے،تیل پر قبضہ کرنے پر غور کر رہا ہوں۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ آج فوجی قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس کریں گے، پاکستانی وقت کے مطابق رات10 بجے شروع ہوگی۔