39 واں روز: اسرائیل کے شہری انفراسٹرکچر پر حملے، تہران میں یہودی عبادت گاہ مکمل تباہ

تہران، تل ابیب، واشنگٹن: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) اسرائیل نے جنگ کے 39 ویں روز بھی جارحیت جاری رکھی اور ایران کے شہری انفراسٹرکچر پر بمباری کی جس سے تہران میں ایک یہودی عبادت گاہ مکمل تباہ ہو گئی، ایران نے بھی جوابی حملوں میں امریکی تنصیبات اور اسرائیلی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کا سب سے بڑا پیٹرو کیمیکل پلانٹ تباہ کر دیا ہے، پاسداران انقلاب کا مالیاتی نظام منظم طور پر ناکارہ بنا رہے ہیں، ایران کے دو بڑے پیٹرو کیمیکل کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایران کی 85 فیصد سے زیادہ پیٹرو کیمیکل برآمدات غیر فعال ہو گئی ہیں۔

سعودی عرب نے 7 بیلسٹک میزائل تباہ کر دیے

سعودی وزارت دفاع کی جانب سےجاری بیان میں کہا گیا کہ 7 بیلسٹک میزائل تباہ کر دیئے ہیں، گرنے والے ملبے سے ہونے والے نقصان کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے اور صورتحال پر مکمل نظر رکھی جا رہی ہے، اپنی سرزمین اور اہم تنصیبات کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

کویت میں امریکی بیس پر حملہ، 15 فوجی زخمی

ایران نے کویت میں امریکی بیس پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 15 امریکی فوجی زخمی ہوگئے، سی بی ایس نے امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کویت کے علی السالم ائیر بیس پر حملہ رات گئے کیا گیا۔

ادھر اسرائیلی وزارت صحت نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 107 اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے جبکہ جنگ کے آغاز سے اب تک 7 ہزار سے زائداسرائیلی فوج زخمی ہوچکے ہیں۔

تہران اور کرج کے مختلف علاقوں میں دھماکے

ایرانی خبر رساں اداروں ’مہر‘ اور ’فارس‘ کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب دارالحکومت تہران اور اس کے مغرب میں واقع شہر کرج کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی جارحیت سے 10 بچوں سمیت 34 ایرانی شہید، جوابی حملے میں 25 امریکی فوجی ہلاک

دونوں اداروں نے رپورٹ کیا کہ چند لمحے قبل تہران اور کرج کے بعض علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں اور نہ ہی کسی جانی نقصان کی اطلاع اب تک موصول ہوئی ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کا ایران میں 13 ہزار سے زائد اہداف پر حملوں کا دعویٰ

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی افواج نے جنگ کے دوران ایران میں 13 ہزار سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا ہے، یہ بیان سوشل میڈیا پر جاری کیا گیا۔

سینٹ کام کے مطابق 155 سے زائد ایرانی بحری جہازوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا یا تباہ کر دیا گیا ہے۔

کمانڈ نے مزید کہا کہ اس آپریشن میں جوہری طاقت سے چلنے والے طیارہ بردار بحری جہاز اور آبدوزیں شامل ہیں، جبکہ F-35 لڑاکا طیارے اور B-52 بمبار طیارے بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔ یہ تمام کارروائیاں "آپریشن ایپک فیوری" کے تحت کی جا رہی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں