پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کے اثرات: سپیشل برانچ کی رپورٹ حکومت کو پیش

لاہور: (دنیا نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث بڑھتی ہوئی مہنگائی سے متعلق سپیشل برانچ نے خصوصی رپورٹ حکومت کو پیش کر دی۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پنجاب میں اثرات نظر آنے لگے۔

رپورٹ کے مطابق 38 اضلاع کے سروے میں ٹرانسپورٹ اور اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئی، انٹر سٹی بس کرایوں میں اوسطاً 30 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا علاوہ ازیں مال برداری کے کرایوں میں بھی 32 فیصد تک اضافہ سامنے آیا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اوسطاً 25 فیصد اضافہ ہوا، فیصل آباد میں بس کرایوں میں 40 فیصد، مزدا ٹرک کرایوں میں 12 سے 50 فیصد، بڑے ٹریلرز کے کرایوں میں 13 سے 100 فیصد جبکہ آئل ٹینکرز کے کرایوں میں 17 سے 67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

جاری کردہ رپورٹ کے مطابق کرایوں میں اضافے سے مسافروں کی تعداد میں 10 سے 63 فیصد کمی دیکھی گئی، کئی اضلاع میں بس آپریشنز 27 سے 71 فیصد کم ہوئے۔

اشیائے ضروریہ جیسے ٹماٹر کی قیمت میں سب سے زیادہ 125 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، آلو، پیاز اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا جبکہ آٹا زیادہ تر اضلاع میں مستحکم رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں