کینسر کے خلاف جنگ جیتنے کے بعد انجلین ملک نے کیا سیکھا؟ اداکارہ کا انکشاف

لاہور: (ویب ڈیسک) موذی مرض کینسر سے زندگی کی جنگ لڑنے والی پاکستانی معروف ڈائریکٹر، پروڈیوسر، مصنفہ اور اداکارہ انجلین ملک کا کہنا ہے کہ کینسر کی تشخیص نے ان کی ترجیحات اور نقطۂ نظر کو بدل دیا۔

اداکارہ نے حال ہی میں دنیا نیوز کے پروگرام مزاکرات میں شرکت کی، جس میں انہوں نے مختلف موضوعات پر بات کی کینسر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کنا تھا کہ اس کی تشخیص ان کی زندگی میں ایک اہم موڑ ثابت ہوئی جس نے ان کی ترجیحات اور نقطۂ نظر کو بدل دیا۔

انہوں نے کہا کہ انسان کو اپنی صحت کے حوالے سے باخبر رہنا چاہیے اور معمولی علامات کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کیونکہ بروقت تشخیص اور علاج زندگی بچا سکتا ہے۔

اداکارہ کے مطابق اس دور نے زندگی کے بارے میں ان کی سوچ کو بدل دیا، اور انہیں یہ سوچنے پر مجبور کیا کہ واقعی اہم کیا ہے۔ ان کے مطابق اس تجربے نے نہ صرف جسمانی بلکہ جذباتی طور پر بھی انہیں گہرا شعور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مرحلے نے انہیں اپنے اردگرد کے تعلقات کی حقیقت کو پہچاننے میں مدد دی۔ ان کے مطابق مشکل حالات میں یہ سمجھنا آسان ہو جاتا ہے کہ کون واقعی ساتھ کھڑا ہے اور کون نہیں۔ اس وضاحت نے انہیں بامعنی رشتوں کو ترجیح دینے اور غیر مخلص لوگوں سے دوری اختیار کرنے میں مدد دی۔

انجلین ملک نے اس بات پر زور دیا کہ زندگی کی غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ذاتی حوصلہ، مضبوط تعلقات اور صحت سے متعلق آگاہی نہایت اہم ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں