ٹرمپ حقیقت سے دور، ایران جھکنے والا نہیں، بھرپور جواب دیا جائے گا: فوجی قیادت
تہران: (ویب ڈیسک) ایران کی اعلیٰ فوجی قیادت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کو بے بنیاد اور حقیقت سے دور قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تہران کسی بھی دباؤ کے آگے جھکنے والا نہیں۔
ایرانی مشترکہ فوجی کمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مشرق وسطیٰ میں امریکا کو مسلسل ناکامیوں اور سبکی کا سامنا ہے اور اس قسم کی سخت زبان دراصل انہی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ دھمکیوں کے ذریعے نہ تو امریکا اپنی ساکھ بحال کر سکتا ہے اور نہ ہی خطے میں اپنی پوزیشن مضبوط بنا سکتا ہے، واشنگٹن کی جانب سے بڑھتی ہوئی جارحانہ بیان بازی دراصل اس کی کمزوری کا اعتراف ہے۔
ایران نے دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کے دباؤ یا دھمکی سے اس کی پالیسی تبدیل نہیں ہوگی، اگر امریکا نے کسی بھی نوعیت کی فوجی کارروائی یا جارحیت کی کوشش کی تو اس کا بھرپور اور سخت جواب دیا جائے گا جس کے اثرات پورے خطے میں محسوس کیے جا سکتے ہیں۔
ایرانی قیادت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ممکنہ کشیدگی کی تمام تر ذمہ داری امریکا پر عائد ہوگی۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ شہری انفراسٹرکچر اور بجلی گھروں پر حملوں کا اسی انداز میں جواب دیا جائے گا، امریکی صدر کا الٹی میٹم مسترد کرتے ہیں، ایران جوابی حملے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، ایران کا جواب پورے خطے میں محسوس کیا جائے گا۔
خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے جس طرح جنگ کے آغاز کا غلط اندازہ لگایا، وہ اس کے پھیلنے کا بھی غلط اندازہ لگا رہے ہیں، ایران ہر قسم کی صورتحال کے لیے تیار ہے، آبنائے ہرمز سے امریکا اسرائیل کو گزرنے نہیں دیا جائے گا۔