اسلام آباد ہائیکورٹ کا سلمان صفدر کی عمران خان سے کل ملاقات کرانے کا حکم
اسلام آباد: (دنیا نیوز)190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ نے وکیل سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کل 2 بجے ملاقات کرانے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بنچ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کی۔
نیب کے سپیشل پراسیکیوٹر جاوید اشرف اور رافع مقصود جبکہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل کا آغاز کیا۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے سلمان صفدر سے متفرق درخواست سے متعلق استفسار کیا، جس پر وکیل نے عمران خان سے ملاقات کی اجازت مانگی، عدالت نے متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے جیل حکام کو سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کا حکم دیا، سلمان صفدر کی درخواست پر عدالت نے ملاقات کل دوپہر 2 بجے کرانے کی ہدایت جاری کی۔
سپیشل پراسیکیوٹر نے سماعت پیر تک مقرر کرنے کی استدعا کی تاہم چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عدالت اپنی مصروفیات دیکھ کر تاریخ مقرر کرتی ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کلائنٹ سے ملاقات کر لیں، اپیل بھی فکس کر دیں گے اور اگر دلائل شروع ہوئے تو سات دن میں اپیل کا فیصلہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
بانی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل کا آغاز کیا تو چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آج آپ کون سے کیس پر دلائل دے رہے ہیں؟ سلمان صفدر نے جواب دیا کہ 31 مارچ عدالت نے ایک آرڈر پاس کیا تھا۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ کی متفرق درخواست کیا ہے، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی متفرق درخواست منظور کر لیتے ہیں، آپ جا کر بانی پی ٹی آئی سے مل لیں، جیل حکام عمران خان سے سلمان صفدر کی ملاقات کرائیں۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کل کتنے بجے آپ ملاقات کرنا چاہیئں گے؟ سلمان صفدر نے جواب دیا کہ دو بجے کا وقت رکھ دیں، عدالت نے بانی سے سلمان صفدر کی کل 2 بجے ملاقات کرانے کا حکم دے دیا۔
سپیشل پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ عدالت اگر پیر کے روز کیلئے مقرر کر دے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ دیکھ لیں کل بھی اس طرح سننے کو ملا حالانکہ ہمیں نہیں پتہ ہوتا پیر کو کیا مصروفیت ہوگی، اس لئے اپنے مصروفیت دیکھ کر ہم تاریخ رکھتے ہیں، عدالت نے کیس کی مزید سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی۔