آج رات ایران کی پوری تہذیب ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گی: ٹرمپ

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آج رات ایران کی پوری تہذیب ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گی، میں نہیں چاہتا کہ ایسا ہو مگر ایسا ہونے کا امکان ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ آج رات ایک پوری تہذیب ختم ہو جائے گی، جسے دوبارہ کبھی واپس نہیں لایا جا سکے گا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ ایسا ہو، لیکن غالباً ایسا ہو جائے گا۔ تاہم، اب جبکہ ہم نے مکمل رجیم تبدیل کردی ہے ، جہاں مختلف، زیادہ ذہین اور کم انتہا پسند سوچ رکھنے والے لوگ غالب ہوں گے، تو شاید کوئی انقلابی اور شاندار چیز وقوع پذیر ہو جائے۔

ٹرمپ نے لکھا کہ یہ دنیا کی طویل اور پیچیدہ تاریخ کے سب سے اہم لمحات میں سے ایک ہو سکتا ہے، خونریزی، بدعنوانی اور اموات کی 47 سالہ تاریخ بالآخرختم ہونے جارہی ہے، ایران کے عظیم عوام پر خدا کی رحمت ہو!.

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کو ایک رات میں تباہ و برباد کردیں گے اور ہو سکتا ہے وہ منگل کی رات ہو۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کو ایک رات میں تباہ کردیں گے، شاید وہ رات آج ہو: ٹرمپ کی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ریسکیو مشن اور آبنائے ہرمز ڈیڈ لائن پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں سب سے بڑے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کو کامیابی سے مکمل کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ 200 افراد کو صرف ایک فرد کو بچانے کیلئے بھیجا گیا، ہم نے ایسا کیا اور ہمارا ساتھ قسمت نے دیا، امریکا ایران میں اپنے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں