امریکی و اسرائیلی حملے کا خدشہ، ایرانیوں نے اہم تنصیبات کے گرد انسانی زنجیر بنا دی

تہران: (دنیا نیوز) ایران کے عوام نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایرانی تہذیب و تمدن کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی دھمکیوں کے جواب میں اہم ملکی تنصیبات کے گرد انسانی زنجیر بنا دی۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر کی جانب سے ایران کو دی جانے والی سخت دھمکیوں کے باوجود ایرانی عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور ملک بھر میں اہم تنصیبات کے تحفظ کیلئے انسانی زنجیریں قائم کر دیں۔

ایران کے مختلف شہروں میں عوام نے اہم پلوں، بجلی گھروں اور دیگر حساس مقامات پر قومی پرچم اٹھا کر یکجہتی کا اظہار کیا، اور کہا کہ وہ کسی بھی بیرونی دباؤ یا دھمکی سے خوفزدہ نہیں ہوں گے اور اپنے ملک کے دفاع کیلئے ہر حد تک جانے کو تیار ہیں۔

تہران کی سڑکوں پر نکلنے والی ریلیوں کے شرکاء میں بچوں، بزرگوں، مرد و خواتین اور طلبہ و طالبات سمیت ہر عمر اور طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔

شرکا کا کہنا ہے کہ وہ جنگی خطرات کے باوجود اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر اہم ملکی مقامات پر موجود ہیں تاکہ قومی تنصیبات کو کسی بھی ممکنہ حملے سے محفوظ رکھا جا سکے، ایران کے سرکاری و نیم سرکاری میڈیا نے ان مناظر کو عوامی اتحاد اور مزاحمت کی علامت قرار دیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں