پوری قوم مل کر پٹرول کی بچت، کفایت شعاری مہم میں حصہ ڈالے: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ علاقائی صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر پوری قوم مل کر پٹرول کی بچت اور کفایت شعاری کی مہم میں اپنا حصہ ڈالے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پٹرولیم مصنوعات، توانائی کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس کو خطے میں موجودہ کشیدہ صورتحال کے پیش نظر معاشی استحکام کے لیے کفایت شعاری سے متعلق فیصلوں پر عمل درآمد پر بریفنگ دی گئی۔

شرکا کو پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں آج سے نافذ العمل بازار اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کے حوالے سے کئے گئے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی ناقابل معافی ہے اور اس مکروہ فعل میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں بجلی کی پیداوار کا ایک حصہ پٹرولیم مصنوعات پر منحصر ہے، مارکیٹس 8 بجے بند کرنے اور دیگر کفایت شعاری کے اقدامات کا مقصد نہ صرف قیمتی زر مبادلہ بچانا بلکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا بھی ہے۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات کو 8 بجے بند کرنے کے حوالے سے سندھ حکومت کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔

شرکا کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومتوں سے تیل پر سبسڈی کے حامل افراد کے کوائف موصول ہونے شروع ہو گئے ہیں اور تصدیق کے بعد ایک شفاف ڈیجیٹل نظام کے ذریعے انہیں سبسڈی کی ادائیگی کی جا رہی ہے۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارت آئی ٹی اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اشتراک سے 4 اپریل سے مال بردار گاڑیوں، بسوں اور ٹرکوں کو سبسڈی کی فراہمی تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا ڈاکٹر احسن اقبال، عبد العلیم خان، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، عطا اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، سردار اویس احمد لغاری نے شرکت کی۔

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاونین خصوصی طارق باجوہ اور طلحہ برکی، گورنر سٹیٹ بینک، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز اور انسپکٹر جنرل آف پولیس سمیت متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں