لبنان پر اسرائیلی حملوں کی مذمت، جاری امن کوششوں کو نقصان پہنچا : پاکستان
اسلام آباد (وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان لبنان میں اسرائیلی حملوں سے بھاری جانی نقصان اور انفراسٹرکچر کی تباہی کی شدید مذمت کرتا ہے۔
پاکستان لبنانی حکومت اور عوام سے نہ صرف مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے بلکہ مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا ہے ،بیان میں ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہی نہیں بلکہ خطے میں جاری امن کوششوں کو نقصان بھی پہنچا رہے ہیں، پاکستان نے لبنانی آزادی و علاقائی خود مختاری اور امن و استحکام کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا ۔اس کے علاوہ پاکستان اور سعودی عرب نے لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ۔ پاک سعودی وزرائے خارجہ نے دیرپا امن و استحکام کیلئے جنگ بندی کا مکمل احترام و نفاذ ناگزیر قرار دیا ہے۔