فیڈرل ہائوسنگ اتھارٹی کا کمرشل بینکوں میں سرمایہ کاری فیصلہ

 فیڈرل ہائوسنگ اتھارٹی کا کمرشل بینکوں میں سرمایہ کاری فیصلہ

شہریوں سے جمع مختلف منصوبوں کے فنڈز پر منافع حاصل کرنے کیلئے پیشکشیں طلب اعلیٰ کریڈٹ ریٹنگ بینک شامل، نیگیٹو آؤٹ لک والے بینکوں کی پیشکشیں مسترد ہوں گی

اسلام آباد (ایس ایم زمان)وزارتِ ہاؤسنگ کے ماتحت ادارے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی نے پچاس کروڑ روپے یا اس سے زائد فنڈز سے کمرشل بینکوں میں سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مذکورہ فنڈ شہریوں کی جانب سے مختلف ہاؤسنگ منصوبوں کی مد میں جمع کرائے گئے ہیں۔اتھارٹی نے ان فنڈز پر منافع کے حصول کے لیے کمرشل بینکوں سے شرحِ منافع کی پیشکشیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

اس ضمن میں صرف اسلام آباد میں واقع ایسے کمرشل بینکوں سے پیشکشیں طلب کی گئی ہیں جن کی کریڈٹ ریٹنگ پی اے سی آر اے یا جے سی آر وی آئی ایس کے مطابق کم از کم A یا اس سے زائد ہو جبکہ غیر ملکی بینکوں کے لیے موڈیز، فچ اور اسٹینڈرڈ اینڈ پورز کی مطلوبہ ریٹنگ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔مزید برآں ایسے بینک جن کی ریٹنگ آؤٹ لک اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ویب سائٹ پر نیگیٹو ظاہر ہو، ان کی پیشکشیں زیرِ غور نہیں لائی جائیں گی۔ اتھارٹی کے مطابق سرمایہ کاری ایک ماہ اور تین ماہ کی مدت کے لیے کی جائے گی، جبکہ فراہم کردہ ریٹس کی موزونیت 30 اپریل 2026 تک برقرار رہنا ضروری ہوگی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں