لاہوراور کراچی میں منکی پاکس کے 2 نئے کیس رپورٹ
15 سالہ مریض لاہور کے میو ہسپتال داخل،رواں برس تعداد 26ہو گئی کراچی کا 22سالہ نوجوان آئسولیشن وارڈ منتقل،وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات
لاہور،کراچی (ہیلتھ رپورٹر،این این آئی ) لاہور میں منکی پاکس کا ایک اور کیس رپورٹ، 15سالہ مریض میں منکی پاکس کی تشخیص ،محکمہ صحت کی لیب نے مریض میں منکی پاکس کی تصدیق کردی۔ منکی پاکس کا مریض میو ہسپتال میں زیرعلاج ہے ۔رواں برس رپورٹ ہونے والے منکی پاکس مریضوں کی تعداد 26 ہوگئی۔ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹر مدبر رحمن کا کہنا تھا کہ منکی پاکس کے مریضوں کیلئے آئسولیشن وارڈ قائم ہیں اور مریض کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔ادھر کراچی میں منکی پاکس کا دوسرا کیس رپورٹ ہونے کے بعد محکمہ صحت میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔سندھ انفیکشن ڈیزیز ہسپتال کے ایم ایس کے مطابق 22 سالہ نوجوان میں ایم پاکس کی تصدیق ہوئی ہے اور رپورٹ مثبت آنے کے بعد اسے فوری طور پر آئسولیشن وارڈ منتقل کر دیا گیا ۔متاثرہ مریض کی کوئی سفری ہسٹری سامنے نہیں آئی جس کے باعث مقامی سطح پر وائرس کے پھیلا ئوکے خدشات بڑھ گئے ہیں۔