امسال بھی وساکھی جوش و خروش سے منائیں گے : عظمیٰ بخاری
دنیا بھر ، بالخصوص سرحد پار سے آنے والے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہیں سکھ یاتری ہمیشہ سے پنجاب کی مہمان نوازی کے معترف رہے ہیں :وزیر اطلاعات
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے وساکھی کے موقع پر دنیا بھر اور بالخصوص سرحد پار سے آنے والے سکھ یاتریوں کو پنجاب آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وساکھی پنجاب کا خوبصورت، روایتی اور قدیم تہوار ہے جس کے رنگ ہماری دھرتی کی پہچان ہیں،پنجاب حکومت اپنی دیرینہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی وساکھی کا تہوار بھرپور جوش و خروش سے منائے گی۔ انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال وزیراعلیٰ مریم نواز نے کرتارپور صاحب میں خود گندم کی کٹائی کر کے تہوار کا باقاعدہ آغاز کیا تھا، جو سکھ برادری سے ہماری محبت اور جڑت کا ثبوت ہے۔ صوبائی وزیر نے یاتریوں کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب نے سکھ مہمانوں کیلئے قیام و طعام اور ٹرانسپورٹ کے بہترین انتظامات کئے ہیں، فول پروف سکیورٹی پلان بھی ترتیب دیا ہے تاکہ یاتری مکمل امن و سکون کے ساتھ اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سکھ یاتری ہمیشہ سے پنجاب کی مہمان نوازی کے معترف رہے ہیں اور ہم اس بار بھی ان کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ۔ سرحد پار سے آنے والے یاتری ہمارے معزز مہمان ہیں اور ان کی میزبانی کرنا ہمارے لیے باعثِ مسرت ہے۔