امریکا ایران مذاکرات ختم ہونا نا امیدی نہیں:پی ٹی آئی
پاکستان کو امن کیلئے تعمیری کردار جاری رکھنا چاہیے :شیخ وقاص اکرم شفیع جان کاکوہاٹ میں عمران رہائی امن تحریک کی رجسٹریشن مہم کا آغاز
اسلام آباد،پشاور(این این آئی)پی ٹی آئی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہاہے کہ امریکا ایران مذاکرات حتمی معاہدے کے بغیر ختم ہونا نا امیدی نہیں، چند مسائل حل طلب رہ گئے ہیں مگر یہ مثبت پیشرفت ہے ،پاکستان کوتعمیری کردار جاری رکھنا چاہیے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا سفارتی عمل ہمیشہ وقت لیتا ہے اسلئے امید نہیں چھوڑنی چاہیے ،امریکا اور ایران نے مذاکرات میں نمایاں پیشرفت کا اعتراف کیا ہے ،صرف چند اہم مسائل ہی حل ہونا باقی ہیں۔ انہوں نے مذاکرات میں پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہااورکہاپاکستان نے بطور ریاست جنگ بندی کے ماحول کو ممکن بنایا اور دونوں ممالک نے پاکستان کی میزبانی پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ادھر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی شفیع جان نے کوہاٹ میں رجسٹریشن فارم پر کرکے عمران خان رہائی امن تحریک کی رجسٹریشن مہم کا باضابطہ افتتاح کر دیااور کہا یہ تحریک پرامن اور آئینی جدوجہد ہے جسکا مقصد ملک میں انصاف، آئین و قانون کی بالادستی اور عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے ۔