ایف بی آر کے انٹرنیشنل ٹیکس افسران کیلئے کارکردگی کا نیا پیمانہ جاری
گریڈ سترہ سے بیس تک ذمہ داریاں از سرنو ترتیب ، کارکردگی فیصد تناسب سے مشروط
اسلام آباد (ایس ایم زمان)ایف بی آر نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹرنیشنل ٹیکس آپریشنز کے ڈھانچے میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے گریڈ 17 سے گریڈ 20 تک کے افسران کے لیے نئے جاب ڈسکرپشنز اور کارکردگی کے پیمانے (KPIs) جاری کر دیئے ۔ایف بی آر نے(باقی آٹھ اہم عہدوں جن میں چیف انٹرنیشنل ٹیکسز، چیف ایکسچینج آف انفارمیشن اور ایڈیشنل ڈائریکٹرز شامل ہیں کی ذمہ داریوں کو ازسرنو ترتیب دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو فی صد تناسب (Weightage)سے مشروط کر دیا ۔نئے قواعد کے مطابق چیف انٹرنیشنل ٹیکسز کی 30 فیصد کارکردگی دوہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کے معاہدوں (DTAs) کی تیاری اور نظرثانی سے مشروط ہوگی جبکہ کثیرالجہتی معاہدوں کے لیے 10 فیصد، غیر ملکی دائرہ اختیار سے معلومات کے حصول کے لیے 15 فیصد اور ٹرانسفر پرائسنگ آڈٹ کی نگرانی کے لیے 15 فیصد وزن مقرر کیا گیا ہے ۔چیف ایکسچینج آف انفارمیشن کے لیے معلومات کے خودکار تبادلے (AEOI) کی نگرانی کو 30 فیصد، فیلڈ دفاتر کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ کو 25 فیصد اور انکوائریوں کے جوابات کی تیاری کو 15 فیصد اہمیت دی گئی ہے ۔اسی طرح ایڈیشنل ڈائریکٹرز کے لیے ٹیکس معاہدوں کی تیاری پر 35 فیصد اور کونسل اجلاسوں سے متعلق امور پر 20 فیصد وزن مقرر کیا گیا ہے ۔ ٹرانسفر پرائسنگ کے شعبے میں تعینات افسران کے لیے ڈیٹا کی ترسیل اور نان فائلرز کی نشاندہی کو 35 فیصد جبکہ ڈیٹا کے تجزیے اور فیلڈ فارمیشنز کو معلومات کی فراہمی کو 25 فیصد تناسب دیا گیا ہے ۔تمام افسران کو ماہانہ بنیادوں پر کارکردگی رپورٹس جمع کرانے کا پابند بنایا گیا ہے جن میں پارلیمانی سوالات کے جوابات، پالیسی ان پٹ اور انتظامی امور بھی شامل ہوں گے ۔ ان اہداف کی جانچ کے لیے کام کی مقدار (Disposal) اور معیار (Quality) کو برابر یعنی 50، 50 فیصد کی بنیاد پر پرکھا جائے گا تاکہ بین الاقوامی ٹیکسیشن کے نظام کو عالمی معیار کے مطابق مزید شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے ۔