سعودیہ میں پاکستانیوں کے مسائل ، پختونخوا اسمبلی میں قرارداد منظور

 سعودیہ میں پاکستانیوں کے مسائل ، پختونخوا اسمبلی میں قرارداد منظور

پانچ ہزار کے قریب مزدور تنخواہوں سے محروم ،وفاقی حکومت مداخلت کرے چیف وہپ کے ریمارکس پر اپوزیشن خواتین اراکین کا شدید احتجاج ،واک آؤٹ

 پشاور (نیوز ایجنسیاں )خیبرپختونخوا اسمبلی میں اے این پی کے رکن نثار باز کی جانب سے پیش قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ، جس میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانی مزدوروں کو درپیش مسائل پر وفاقی حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ۔قرارداد کے متن کے مطابق ایوان نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ سعودی عرب میں ہزاروں پاکستانی مزدور مختلف مسائل کا شکار ہیں، جہاں تمام تر قانونی تقاضے پورے کرنے کے باوجود انہیں مزدوری کی ادائیگی میں تاخیر اور دیگر مشکلات کا سامنا ہے ، تقریبا پانچ ہزار کے قریب مزدور کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کے باعث ان کے خاندان شدید پریشانی اور معاشی دبا ئو کا شکار ہیں۔ایوان نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اس معاملے میں مداخلت کرے ،خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں چیف و ہیپ کے ریمارکس پر اپوزیشن کی خواتین ار کان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے واک آؤٹ کر دیا، زکواۃ فنڈ کی تقسیم کے طریقہ کار پر شدید تحفظات سامنے آگئے ، اراکین نے مستحقین کے نام پبلک کرنے کو غیر مناسب قرار دیتے ہوئے شفاف اور باوقار نظام متعارف کرانے کا مطالبہ کردیا ، اجلاس کے دوران پریزائیڈنگ آفیسر اور حکومتی وزیر کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ، جس سے ایوان کا ماحول کچھ دیر کے لئے کشیدہ ہوگیا ، خیبرپختونخوا اسمبلی میں لوئر دیر میں اساتذہ کی کمی اور اقلیتی کوٹہ کے تحت خالی اسامیوں کا معاملہ زیر بحث آ یا ، جس پر ایوان نے پالیسی سازی کی ضرورت پر زور دیا ، اسمبلی میں دستکاری سکولز اور انڈسٹریل سنٹرز کی بندش کا معاملہ اٹھا لیا گیا، اپوزیشن نے سینکڑوں طالبات کے مستقبل اور ملازمین کے روزگار پر سوالات اٹھا د ئیے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں