تجارتی خسارے میں 23 فیصد اضافہ، 28 ارب ڈالر تک پہنچ گیا
کراچی(آئی این پی )پاکستان میں رواں مالی سال کے دوران تجارتی خسارہ 23 فیصد اضافے سے تقریباً 28 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران درآمدات میں 6 اعشاریہ89فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پہلے 9 ماہ کے دوران درآمدات کا مجموعی حجم 50 ارب 65 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔پاکستانی شہری جولائی سے مارچ (9ماہ )کے دوران147ارب روپے یعنی 48 ارب 49 لاکھ ڈالرکی چائے پی گئے ،غذائی اشیا کی درآمد پندرہ فیصدبڑھی،دودھ،مکھن، خشک میوہ جات اور پام آئل کی امپورٹ میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق موبائل فونزکی درآمد میں 28 فیصد اضافہ ہوا،پاکستانیوں نے 9 مہینے میں 406 ارب روپے سے زائدمالیت کے سمارٹ فونزبیرون ملک سے منگوائے ،ٹرانسپورٹ سیکٹرکی درآمدات میں 83 فیصدکا بڑا اضافہ دیکھا گیاجس کا حجم 2 ارب 90 کروڑ ڈالر رہا۔دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات اور ٹیکسٹائل کی درآمد میں کمی ہوئی ،پٹرولیم مصنوعات کا درآمدی بل گیارہ ارب ڈالر جبکہ ٹیکسٹائل کا حجم چار ارب ستاسی کروڑ ڈالر رہا۔