پاکستان سے بہترین تعلقات ، امریکا کا بھارت پر اعتماد مشکل :عالمی جریدہ
پاکستان کا ایران امریکا مذاکرات میں اہم کردار ، بھارت خاموش رہا:ایشیا ٹائمز
اسلام آباد (این این آئی)بین الاقوامی جریدے ایشیا ٹائمز کے مطابق پاکستان سے بہترین تعلقات کے بعد امریکا کیلئے بھارت پر اعتماد کرنا مشکل ہوگیا۔ایشیا ٹائمز کے مطابق پاکستان نے ایران امریکا مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا جبکہ خطے کے معاملات پربھارت کی سفارت کاری بالکل خاموش رہی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مودی نے امریکی صدر ٹرمپ سے محض تیل اور سپلائی کے نظام پر بات کی جبکہ پاکستان سفارتکاری کے ذریعے خطے میں امن کی بحالی کے لیے کوششوں میں مصروف رہا۔واضح رہے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے آغاز سے ہی پاکستان جنگ بندی کی کوششوں میں مصروف رہا اور اس کیلئے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے امریکی اور ایرانی حکام سے مسلسل رابطے رکھے ۔ٹرمپ اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان سمیت دنیا بھر کے ممالک نے خطے میں امن اور جنگ بندی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ،ٹرمپ تو حالیہ دنوں میں کئی بار شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بہترین شخصیات قرار دے چکے ،بھارتی اپوزیشن رہنماؤں اور میڈیانے مودی کوشدید تنقید کا نشانہ بنایاہے ۔