خضدار،دہشتگردوں کی فائرنگ،لیڈی کانسٹیبل سمیت3اہلکار شہید ،7زخمی
پولیس پارٹی چھاپے کیلئے جارہی تھی کلی خاندوزئی کے مقام پر دہشتگردوں نے فائرنگ کردی اور فرارہوگئے دشت میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ ،کانسٹیبل رحمت اللہ شہید،زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا
کوئٹہ(سٹاف رپورٹر،آن لائن ) خضدار اور دشت کے علاقوں میں پولیس پر دہشتگردوں کی فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 3 اہلکار شہید جبکہ 7 زخمی ہو گئے ، پولیس کے مطابق اتوار کو ضلع خضدار کے علاقے باغبانہ میں کلی باجوئی میں چوری کی واردات کے بعد پولیس پارٹی چھاپے کیلئے جارہی تھی کہ کلی خاندوزئی کے مقام پر دہشتگردوں نے پولیس پر فائرنگ کردی اور فرار ہو گئے جس کے نتیجے میں خاتون کانسٹیبل ملک ناز اور کانسٹیبل سمیع اللہ شہید جبکہ کانسٹیبل شیخ ابراہیم زخمی ہوگیا واقعہ کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز کی نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کردیا ،ادھر دشت کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل رحمت اللہ شہید جبکہ 6 اہلکار ہیڈ کانسٹیبل نور احمد، کانسٹیبل اے ٹی ایف نیاز احمد، سب انسپکٹر وقار احمد، کانسٹیبل عبدالعلیم ، سب انسپکٹر جاوید گل، کانسٹیبل تاج محمد زخمی ہوگئے ، نعش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔