اسلام آباد میں سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات
جڑواں شہروں میں ہیوی، کمرشل اور پبلک ٹرانسپورٹ کا داخلہ ممنوع کردیا گیا مرکزی شاہراہو ں پر پولیس، رینجرز، ایف سی اور دیگر اداروں کے اہلکار تعینات
اسلام آباد(دنیا نیوز)امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے دوسرے ممکنہ دور کی تیاریوں کے سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ۔راولپنڈی اور اسلام آباد کی مرکزی شاہراہوں پر پولیس، رینجرز، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات کئے گئے ، جگہ جگہ ناکوں پر سخت چیکنگ کی جا رہی ،ریڈ زون کی جانب جانے والے راستے مکمل بند کر دئیے گئے ۔ کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے جبکہ سری نگر ہائی وے پر بھی مختلف اوقات میں ٹریفک روکی جاسکتی ہے۔ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہیوی، کمرشل اور پبلک ٹرانسپورٹ کا داخلہ ممنوع ہے ، جی5،6،7، ایف 6،7 کے رہائشی راولپنڈی آنے جانے کے لیے مارگلہ روڈ سے نائنتھ ایونیو کا راستہ استعمال کریں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق پارک روڈ سے کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں ٹریفک ترامڑی چوک کی طرف موڑ دی جائے گی، تاہم مصروف کاروباری مرکز بلیو ایریا جزوی طور پر کھلا ہے ۔پولیس کا کہنا ہے ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون ہر قسم کی ٹریفک کیلئے مکمل بند رہے گا لیکن توسیعی ریڈزون کے باہر تمام دفاتر اور کاروباری مراکز کھلے ہیں۔جڑواں شہروں میں چلنے والی میٹرو بس سروس مکمل بند کردی گئی ہے اور آئندہ ہفتے تک جڑواں شہروں میں بیشتر تعلیمی اداروں میں کلاسز کو بھی آن لائن کر دیا گیا ہے۔