پنجاب کابینہ کی ڈومیسائل فیس میں 175فیصد اضافے کی منظوری
فیس 200 سے بڑھا کر 550 روپے مقرر ، ادائیگی صرف ای پے سے ہو گی 500 حکومتی خزانے اور 50روپے PITBکو ملیں گے :سرکاری دستاویزات
لاہور(اپنے نامہ نگارسے )پنجاب کابینہ نے ڈومیسائل فیس میں 175 فیصد اضافے کی منظوری دیتے ہوئے نئے فیس سٹرکچر کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ فیصلے کے تحت ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کی فیس 200 روپے سے بڑھا کر 550 روپے مقرر کر دی گئی۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق نئی فیس میں 200 روپے بنیادی فیس، 300 روپے ای ایفی ڈیوٹ اور 50 روپے سروس چارجز کو شامل کیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی ڈومیسائل فیس کی ادائیگی صرف ای پے پنجاب کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور پورے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور پیپر لیس بنانے کی منظوری بھی دی گئی ۔
حکام کے مطابق شہری اب ڈومیسائل کیلئے آن لائن درخواست دے سکیں گے اور سرٹیفکیٹ گھر بیٹھے موصول ہوگا، اس مقصد کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو فی ڈومیسائل 50 روپے سروس چارجز رکھنے کی اجازت دی گئی ہے جس میں سے 500 روپے حکومتی خزانے جبکہ 50 روپے PITB کو ملیں گے ۔ نئے نظام کے تحت ڈومیسائل اجرا کا وقت کم کر کے 2 سے 3 دن کر دیا گیا ،کورئیر سے شہریوں کے گھروں تک فراہمی بھی ممکن ہوگی، فی ڈومیسائل 60 روپے کورئیر لاگت، 40 روپے سکیورٹی پیپر جبکہ ڈیٹا ہوسٹنگ، ایس ایم ایس اور سسٹم مینٹی ننس کیلئے اضافی اخراجات شامل کئے گئے ہیں۔ دستاویز کے مطابق PITB نے فی درخواست اوسط لاگت 27اعشاریہ 55 روپے ظاہر کی ، تاہم مجموعی طور پر نظام چلانے کیلئے سالانہ کروڑوں روپے اخراجات کا تخمینہ بھی پیش کیا۔ تاہم فنانس ڈیپارٹمنٹ نے فیس میں اضافے پر عوامی برداشت کے حوالے سے سوالات اٹھاتے ہوئے 150 روپے اضافے کی مکمل تفصیل طلب کر لی ۔