گرمی بڑھ گئی ، شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بھی جاری
شہری علاقوں میں 2سے 3اور دیہی علاقوں میں 4گھنٹے تک بجلی بند رہی
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے )گرمی بڑھتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ اور جبری لوڈشیڈنگ بھی جاری ،لیسکو ریجن میں ٹرانسفارمر جلنے سمیت دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بندرہی ،شہر کے مختلف علاقوں میں 2سے 3اور دیہی علاقوں میں 4 گھنٹے تک بجلی بند رہی۔ شام 5بجے تا رات 12بجے بجلی کی اوسط طلب 3787 میگاواٹ جبکہ فراہمی 3053 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی اورشارٹ فال 682 میگاواٹ رہا ۔لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ انڈیپنڈنٹ انڈسٹری کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری رہی ہے ، کمرشل اور انڈسٹریل ڈومی نیٹڈ فیڈرز پر 2، 2 گھنٹے لوڈ مینجمنٹ کی گئی،اس دوران شہری علاقوں میں ڈیڑھ گھنٹہ لوڈشیڈنگ کی گئی،اسی طرح رات 12 بجے تا صبح 5 بجے طلب 3510 میگاواٹ اور فراہمی 2824 میگاواٹ رہی، شارٹ فال کم ہو کر 607 میگاواٹ رہا اس دوران شہروں میں 45 منٹ اور دیہی علاقوں میں 1 گھنٹہ لوڈشیڈنگ کی گئی۔ انڈیپنڈنٹ انڈسٹری، کمرشل اور انڈسٹریل فیڈرز پر لوڈ مینجمنٹ نہیں کی گئی ۔