جرمنی :امریکی حملوں کے حامی رضاپہلوی پر کیچپ حملہ

جرمنی :امریکی حملوں کے حامی رضاپہلوی پر کیچپ حملہ

واقعہ برلن میں ایک تقریب کے دوران پیش آیا،کیچپ پھینکنے والاشخص گرفتار سابق شاہ ایران کے بیٹے کی جرمن ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں ،پریس کانفرنس

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)جرمنی کے شہربرلن میں ایرانی مظاہرین نے ایران کے سابق بادشاہ رضا شاہ پہلوی کے جلاوطن بیٹے رضا پہلوی پر کیچپ پھینک دی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ برلن میں ایک تقریب کے دوران ایرانی مظاہرین میں سے ایک نے رضا پہلوی پر کیچپ پھینکی، جو ان کی گردن اور کندھوں پر جا گری۔ پولیس نے فوری طور پر حملہ آور کو حراست میں لے لیا جبکہ واقعہ کے بعد رضا پہلوی اپنی گاڑی میں بیٹھ کر وہاں سے روانہ ہو گئے ۔

قبل ازیں برلن میں پریس کانفرنس کے دوران رضا پہلوی نے دعویٰ کیا کہ ایران کے اندر دسیوں لاکھ لوگ ان کا نام پکارتے ہیں اور نوجوان نسل ان کے بڑے حامیوں میں شامل ہے ۔انہوں نے مستقبل کے حوالے سے کہا کہ ان کی حکمت عملی عوامی تحریک کے ذریعے لوگوں کو سڑکوں پر واپس لا کر نظام کی تبدیلی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ تہران کی مذہبی قیادت کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات دراصل مصالحت کے مترادف ہیں اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ دوبارہ شروع ہونے والے عوامی احتجاج حکومت کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔65 سالہ رضا پہلوی برلن کے دورے پر ہیں، جہاں کچھ حامیوں نے ان کا استقبال کیا تاہم انہیں شدید مخالفت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ جرمن حکومت کے مطابق چانسلر فریڈرک مرز کی حکومت کی طرف سے ان سے باضابطہ ملاقات طے نہیں تھی، تاہم کچھ ارکان پارلیمنٹ نے ان سے ملاقاتیں کیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں