استحکام پاکستان پارٹی کے 20رکنی انتخابی بورڈ کا اجلاس، اہم فیصلے

استحکام پاکستان پارٹی کے 20رکنی انتخابی بورڈ کا اجلاس، اہم فیصلے

گلگت بلتستان الیکشن میں24نشستوں پر نامزدگیاں زیر غور، 9امیدواروں کا اعلان عام انتخابات میں اسلامی تحریک سے اتحاد کیلئے مشاورت کرینگے :عبدالعلیم خان

 لاہور(سیاسی نمائندہ )گلگت بلتستان میں 7جون کو ہونیوالے عام انتخابات کیلئے استحکام پاکستان پارٹی کے قائم کردہ 20رکنی انتخابی بورڈ کا اجلاس پارٹی کے مرکزی صدرعبدالعلیم خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں گلگت بلتستان کی24نشستوں کے انتخاب کیلئے استحکام پاکستان پارٹی کی حکمت عملی طے کی گئی اور پہلے مرحلے میں 9نشستوں پر پارٹی نے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ، جس کے مطابق مولانا سلطان رئیس، فتح اللہ خان، کیپٹن (ر) شفیع اللہ خان، ایمان شاہ اور راجہ جلال حسین کے نام فائنل کر دئیے گئے ہیں جبکہ شمس الحق لون، حاجی شاہ بیگ، حاجی گلبر خان،اور خان اکبر خان کو بھی استحکام پاکستان پارٹی کے ٹکٹ ملیں گے ۔

آئندہ چند روز میں پارٹی کا انتخابی بورڈ گلگت بلتستان کے باقی امیدواروں کا بھی اعلان کر دے گا۔ صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے اس امر کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان کے عام انتخابات میں استحکام پاکستان پارٹی اور اسلامی تحریک پاکستان کے باہمی انتخابی اتحاد کیلئے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں کی حکمت عملی کو مد نظر رکھتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اجلاس میں طے پایا کہ خواتین اور ٹیکنو کریٹس کی 9سیٹوں پر استحکام پاکستان پارٹی جلد اپنے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے گی۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عام انتخابات میں اُن کی جماعت بھرپور حصہ لے رہی ہے ، آئی پی پی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور سینئر قائدین و پارٹی ممبرا ن آئندہ ہفتے گلگت بلتستان کا انتخابی دورہ کرینگے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں