پٹرول،ڈیزل26.77روپے لٹر مہنگا:امن مذاکرات کی خبروں پر عالمی مارکیٹ میں تیل سستا
پٹرول پر لیوی میں اضافہ ، نئی قیمت 393روپے 35پیسے اور ڈیزل کی 380روپے 19پیسے لٹر مقرر ،مٹی کا تیل 63روپے 60پیسے سستا ،نوٹیفکیشن جاری ، نئی قیمتوں کا اطلاق عباس عراقچی،امریکی وفد کی آمد کی خبروں نے قیمتوں کو روک دیا،برینٹ نارتھ سی خام تیل کی قیمت 0.5 ،ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی 1.1 فیصد کم ،سٹاک مارکیٹس میں ملا جلا رجحان
اسلام آباد (نامہ نگار،دنیا نیوز) حکومت نے ایک بار پھر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیاہے ،وزارت پٹرولیم کے نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 26 روپے 77 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا گیا ہے ،اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 393 روپے 35 پیسے اور ڈیزل کی 380 روپے 19 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے ،مٹی کا تیل 63 روپے 60 پیسے فی لٹر سستا کیا گیا ہے ، کمی کے بعد نئی قیمت 365 روپے 21 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے ، ذرائع پٹرولیم ڈویژن کے مطابق پٹرول پر لیوی 26 روپے 77 پیسے فی لٹر بڑھا دی گئی جو اب 107 روپے 38 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے ،پٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا ہے ، وزارت پٹرولیم کی جانب سے جاری بیان میں وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ علاقائی کشیدگی کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر سے اضافہ کیا گیاہے ،تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے دباؤ اور عالمی شراکت داروں سے معاہدوں کی وجہ سے حکومت کو تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ منتقل کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے پڑ رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ جس قدر ممکن ہوا، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کو برداشت کیا ہے ، دعاگو ہیں کہ جلد علاقائی امن کے حصول میں پیش رفت ہو اور عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔
لندن (اے ایف پی)مشرق وسطیٰ جنگ کے خاتمے کیلئے اسلام آباد میں مذاکرت کی امیدیں بڑھنے پر بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے تاہم حصص بازاروں میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا۔ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی اور امریکی وفد کی پاکستان آمد کی خبروں کے بعد عالمی معیارکے برینٹ نارتھ سی خام تیل کی قیمت میں 0.5 فیصد کمی ہوئی اور یہ 104.57 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 1.1 فیصد کمی کے ساتھ 94.80 ڈالر تک گر گئی۔اس سے قبل تیل کی قیمتیں بڑھ رہی تھیں کیونکہ سرمایہ کار مشرقِ وسطیٰ کے بحران کے حل میں پیش رفت نہ ہونے پر تشویش کا شکار تھے ۔ تہران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو بند رکھنا اور امریکا کی طرف سے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی برقرار رکھنا بھی خدشات کا باعث تھا لیکن رپورٹس سامنے آنے کے بعد کہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی جمعہ کی رات اسلام آباد پہنچیں گے ، قیمتوں میں کمی آ گئی۔سٹاک مارکیٹس میں ملا جلا رجحان رہا تاہم نیویارک میں ٹیکنالوجی سے بھرپور نیسڈیک کمپوزٹ میں اضافہ ہوا، جس کی وجہ انٹیل جیسی چِپ بنانے والی کمپنیوں کے حصص میں تیزی تھی۔ انٹیل کے شیئرز میں 25 فیصد تک اضافہ ہوا جب اس نے سہ ماہی آمدنی کی توقعات سے بہتر نتائج پیش کئے ۔وال اسٹریٹ کے تینوں بڑے انڈیکسز میں کاروبار کے آغاز پر اضافہ ہوا، جبکہ نیسڈیک کمپوزٹ 0.7 فیصد اوپر گیا۔