امریکا بدمعاشی پر اترآیا،مسلم ممالک کا اتحاد ناگزیر:فضل الرحمن
ملک معاشی مسائل کی دلدل میں دھنستا جارہا ، حکمرانوں کو کوئی فکر نہیں
ملتان (کرائم رپورٹر )جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ملتان میں وفاق المدارس العربیہ کے ناظم اعلیٰ جامعہ خیرالمدارس ملتان کے مہتمم وشیخ الحدیث مولانا حنیف جالندھری، سید کفیل شاہ بخار ی اور جے یو آئی کے رہنما ؤں سے ملاقاتیں کیں دونوں رہنما ؤں سے حالات حاضرہ پر تبادلہ خیال کیا ۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ امریکا بد معاشی پر اترآیا، اس وقت مسلم ممالک میں اتحاد کی سخت ضرورت ہے ،انہوں نے کہا کہ ملک معاشی مسائل کی دلدل میں دھنستا جا رہا ہے حکومت کی پالیسیوں نے غریب عوام کی زندگی مفلوج کر دی ہے حکمرانوں کو کوئی پروا نہیں، غریب مسلسل پس رہا ہے ، مولانا فضل الرحمن نے جے یو آئی کے کارکنوں کو جمعیت علماء اسلام کو نچلی سطح پر فعال کرنے کی ہدایت کی ہے ۔مولانا فضل الرحمن نے ڈی جی خان میں سابق گورنر ذوالفقار کھوسہ کی وفات پر مرحوم کے صاحبزادگان سے تعزیت کا اظہار کیا ،اسی طرح جتوئی میں مولانا یحیی عباسی کے بھائی مولانا عبد اللہ کی وفات پر تعزیت کی ،جبکہ لودھراں میں جے یو آئی کے سرپرست مولانا محمد میاں مرحوم کی وفات پر علماء کرام صاحب زادگان سے تعزیت کا اظہار اور مولانا کی دینی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا ۔