ایف آئی اے کاانسانی سمگلنگ مافیا کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

 ایف آئی اے کاانسانی سمگلنگ مافیا کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

روٹ ایجنٹوں سے لیکر بیرون ملک بیٹھے سمگلروں تک کے خلاف جامع منصوبہ تیار بذریعہ انٹرپول بیرون ملک فرار ایجنٹوں کیخلاف کارروائی شروع :ایف آئی اے حکام

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے ) نے یورپ میں کشتیوں کے ذریعے غیر قانونی طور پر بھیجے گئے پاکستانیوں کی ہلاکت کے افسوس ناک واقعات کے تدارک کے لیے ذمہ دار انسانی سمگلنگ مافیا کے خلاف براہ راست اور سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون سید شہزاد ندیم بخاری نے لینڈ روٹ ایجنٹوں سے لے کر بیرون ملک بیٹھے سمگلروں تک کے خلاف ایک جامع منصوبہ تیارکرلیا ہے ۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی اے نے نہ صرف گرفتاریوں کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں بلکہ انٹرپول کے ذریعے بیرون ملک فرار ایجنٹوں کیخلاف کارروائی بھی شروع کر دی ہے ۔ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون سید شہزاد ندیم بخاری کے احکامات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد اور راولپنڈی کو لینڈ روٹ ایجنٹوں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔

اس سلسلے میں دو ٹیمیں پہلے ہی تشکیل دے دی گئی ہیں، بیرون ملک مقیم سمگلنگ ایجنٹوں کے خلاف انٹرپول کے ذریعے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ وہ پاکستان واپس لا کر قانون کے کٹہرے میں کھڑے ہو سکیں۔اسی طرح ایجنٹوں کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثوں کی تفصیلات جمع کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ (اے ایم ایل) کی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے ۔ لینڈ روٹ ایجنٹوں کی گرفتاری میں تکنیکی مدد فراہم کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں (ایل ای اے ) کے ساتھ مناسب رابطہ کاری شروع کر دی گئی ہے ۔ ملزمان کی ٹریول ہسٹری اور بینک ریکارڈ حاصل کرنے کا عمل تیز کر دیا گیا ہے تاکہ ثبوت مکمل کیے جا سکیں۔ ضرورت پڑنے پر ایجنٹوں کی گرفتاری کے لیے مقامی پولیس سے مدد لی جائے گی تاکہ کسی بھی صورتحال میں کارروائی میں رکاوٹ نہ آئے ۔حکام کے مطابق سوشل میڈیا، ہوائی اڈوں اور عوام میں غیر قانونی لینڈ روٹس اور غیر قانونی امیگریشن کے خلاف بھرپور آگاہی مہم شروع کر دی گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں