میو ہسپتال :کروڑوں کی کرپشن کا آڈٹ و انکوائری شروع

 میو ہسپتال :کروڑوں کی کرپشن کا آڈٹ و انکوائری شروع

جنرل سٹور کے سٹاک، خریداری اور ریکارڈ کی فزیکل ویری فکیشن کا حکم انکوائری میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی:ایم ایس

لاہور (بلال چودھری) میو ہسپتال کے جنرل سٹور میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن اور مالی بے ضابطگیوں کے انکشاف پر باقاعدہ آڈٹ اور انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ کی ہدایت پر ایک ہائی لیول تحقیقاتی کمیٹی تشکیل  دی گئی ہے جو سٹور کے تمام معاملات کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ کمیٹی جنرل سٹور میں سٹیشنری اور دیگر سامان کی خریداری، سٹاک اور ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال کرے گی۔اس ضمن میں سٹاک، خریداری اور ریکارڈ کی فزیکل ویری فکیشن کے احکامات بھی جاری کر د یئے گئے ہیں جبکہ پیپرا رولز کے تحت خریداری کے عمل کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔انکوائری کمیٹی کی سربراہی پروفیسر احسن نعمان کر رہے ہیں جبکہ اس میں فنانس اور آڈٹ افسران بھی شامل ہیں۔

کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سٹاک میں کمی بیشی، ریکارڈ کی خرابیوں اور خریداری سے استعمال تک تمام مراحل کی مکمل ٹریسنگ کرے ۔ذرائع کے مطابق غفلت یا کرپشن ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور مالی نقصانات کا تخمینہ بھی رپورٹ میں شامل کیا جائے گا۔ میو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مدبر رحمان نے کہا ہے کہ متعلقہ افسروں کو مکمل تعاون کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے جبکہ انکوائری میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ انکوائری جاری ہے اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں