جنوبی وزیرستان : افغان طالبان کی آبادی پر فائرنگ ،3 زخمی ، جوابی کارروائی میں کئی پوسٹیں تباہ

جنوبی وزیرستان : افغان طالبان کی آبادی پر فائرنگ ،3 زخمی ، جوابی کارروائی میں کئی پوسٹیں تباہ

انگور اڈہ زلول خیل میں فورسز نے فتنہ الخوارج کی دراندازی ناکام بنائی ،جس پرافغان طالبان نے فائرنگ شروع کردی فوج نے بلااشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا ، قوم افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات پر فخر کرتی ہے :محسن نقوی

پشاور،اسلام آباد(دنیا نیوز)جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ زلول خیل میں افغان طالبان کی جانب سے مبینہ اشتعال انگیزی کا واقعہ پیش آیا، جس پر پاک فوج نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے متعدد چوکیاں تباہ کر دیں اور دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوششوں کو پاک فوج نے چوکس حکمت عملی کے تحت ناکام بنایا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دراندازی  میں ناکامی کے بعد افغان طالبان کی جانب سے سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔فائرنگ کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 3 شہری زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر وانا ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ مقامی آبادی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مؤثر جوابی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آپریشن غضب للحق کے تحت جاری کارروائیوں کے باعث دہشتگرد عناصر کو مسلسل ناکامی کا سامنا ہے ، جس کے بعد وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر شہری علاقوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی سے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنائے ۔ انہوں نے سول آبادی پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔ان کا کہناتھاکہ کہ فوج نے بلااشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا اور پوری قوم اپنی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات پر فخر کرتی ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے دفاع کیلئے قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں