این ایچ اے نے ٹول ٹیکس وصولی قانون میں اہم ترمیم منظور کرلی
ٹول وصولی پی پی آر اے قواعد کے مطابق کنٹریکٹ، گارنٹیڈ بولی یا کھلی نیلامی سے ہوگی ہنگامی صورتحال میں عبوری آپریٹر تعینات کرکے نظام اور ریونیو بلا تعطل جاری رکھا جائیگا
اسلام آباد (ایس ایم زمان)نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے ) نے ٹول قانون میں ترمیم کی منظوری دے دی جس کا مقصد موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر ٹول ٹیکس کی وصولی اور متعلقہ آپریشنز کو ہنگامی حالات میں بھی بلا تعطل جاری رکھنا ہے ۔نئے طریقہ کار کے تحت ٹول وصولی پی پی آر اے قواعد کے مطابق سروس کنٹریکٹ، زیادہ سے زیادہ گارنٹیڈ بولی یا کھلی نیلامی کے ذریعے منتخب ٹھیکیدار کریں گے ۔ اگر کسی معاہدے کا قبل از وقت خاتمہ ہو جائے یا ٹول پلازہ، جرمانہ وصولی، وزن کی جانچ، سروس اور ریسٹ ایریاز جیسے امور متاثر ہوں تو متعلقہ ممبر فوری طور پر نئے پروکیورمنٹ کی منظوری دے گا۔
ہنگامی صورتحال میں جنرل منیجر ریونیو متعلقہ حکام کو آگاہ کرے گا جس کے بعد منظور شدہ کمپنیوں کے پول سے مسابقتی بنیاد پر عبوری آپریٹر منتخب کیا جائے گا جو مستقل ٹھیکے تک نظام سنبھالے گا۔عبوری آپریٹر اخراجات منہا کرکے روزانہ خالص آمدنی کی بنیاد پر بولی دے گا اور اسے کوئی پیشگی ادائیگی نہیں ملے گی جبکہ دیگر خدمات کے ماہانہ چارجز مجاز افسران کی تصدیق کے بعد ادا کیے جائیں گے ۔یہ تمام انتظامات این ایچ اے بورڈ کے منظور شدہ طریقہ کار کے تحت ہوں گے تاکہ عوامی سہولیات اور ریونیو کی وصولی کا نظام مسلسل برقرار رہے۔