بھارتی ایوی ایشن انڈسٹری بحران کا شکار ، ایئرلائنز کو خسارہ
فوری اقدامات نہ ہو ئے تو طیارے گراؤنڈ کرنا پڑیں گے ، فیڈریشن انڈین ایئرلائنز
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)بھارت کی ایوی ایشن انڈسٹری شدید بحران کی لپیٹ میں آ گئی ، جہاں بڑھتے اخراجات اور علاقائی کشیدگی کے باعث فضائی کمپنیوں کو بھاری مالی خسارے کا سامنا ہے ۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور پاکستان کی فضائی حدود کی بندش نے بھارتی ایئرلائنز کے آپریشنز کو بری طرح متاثر کیا ہے ۔ دی ہندو اور این ڈی ٹی وی کے مطابق ایندھن کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے ۔رپورٹس کے مطابق ایئر انڈیا، انڈیگو اور سپائس جیٹ سمیت بڑی فضائی کمپنیاں شدید دبا ؤکا شکار اور بندش کے خطرے سے دوچار ہو چکی ہیں۔ ان ایئرلائنز نے حکومت سے ایوی ایشن ٹربائن فیول کی قیمتوں پر فوری نظرِ ثانی کا مطالبہ کیا ہے ۔ فیڈریشن آف انڈین ایئرلائنز نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو طیارے گراؤنڈ کرنے اور پروازیں منسوخ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہے گا۔