پن بجلی پیداوار 6ہزار میگا واٹ پیک اوقات میں صورتحال بہتر
اسلام آباد (نامہ نگار) ترجمان پاور ڈویژن نے 28 اپریل کی رات پیک اوقات میں بجلی کی صورتحال پر جاری بیان میں کہا کہ پن بجلی کی پیداوار 6000 میگاواٹ رہی، جبکہ ملک میں اس کی مجموعی استعداد 11500 میگاواٹ ہے۔
مقامی گیس کی بہتر فراہمی سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوا اور نظام میں استحکام آیا۔ اس بہتری کے باعث ملک کے جنوب سے نیشنل گرڈ میں مزید 100 میگاواٹ شامل کرنا ممکن ہوا، جبکہ مجموعی طور پر 500 میگاواٹ بجلی کی ترسیل کی گئی۔ترجمان کے مطابق رات کے پیک اوقات میں تقسیم کار کمپنیوں نے 25 منٹ سے ایک گھنٹے تک لوڈ مینجمنٹ کی، تاہم رات آٹھ بجے کے بعد طلب میں کمی سے لوڈ مینجمنٹ ختم ہو گئی۔ زیادہ نقصانات والے فیڈرز پر اکنامک لوڈ مینجمنٹ پالیسی کے تحت اقدامات جاری ہیں، جس کا پیک اوقات کی لوڈ مینجمنٹ سے براہ راست تعلق نہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی حالات کے باعث ایل این جی کی عدم دستیابی سے 5000 میگاواٹ کے پاور پلانٹس بند ہیں۔ ایل این جی کی دستیابی اور پانی کے اخراج میں اضافے سے رات کے اوقات میں شارٹ فال ختم ہونے کی توقع ہے۔