آج کا دور امت مسلمہ کیلئے مشکل دور ہے : احسن اقبال
2 ارب سے زیادہ مسلمان اسرائیل کے سامنے بے بس ہیں :وفاقی وزیر سلمان رفیق اور دیگر کا بھی جامعہ اشرفیہ میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب
لاہور (کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ آج کا دور امت مسلمہ کیلئے مشکل دور ہے ،غزہ میں اسرائیل نے مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی،وہ ایک بدمست ہاتھی کی طرح ظلم و جبر کررہا ہے ،آج ہم مسلمان 2 ارب سے زیادہ تعدادمیں ہونے کے باوجود 1ـ کروڑ والی آبادی کے ملک اسرائیل کے سامنے بے بس ہیں،علم مسلمانوں کی میراث ہے، لیکن یورپ اور مغرب ریسرچ اور تحقیق پر سنجیدہ ہیں لیکن ہم کیوں پیچھے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ اشرفیہ لاہور کے سابق مہتمم حضرت مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی ؒ کی یاد میں منعقدہ تعزیتی سیمینار سے خطاب میں کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین،صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق ،فرید پراچہ ،علامہ طاہرمحمواشرفی،سابق وفاقی ٹیکس محتسب حافظ میاں نعمان ، علمائے کرام اور طالبعلموں کی بڑی تعداد موجود تھی۔احسن اقبال نے مزید کہا مولانا فضل الرحیم اشرفی کی خدمات اور شفقت قابل قدر ہیں،جامعہ اشرفیہ جیسے اداروں اور مولانا جیسی شخصیات کی اشد ضرورت ہے ۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ جامعہ اشرفیہ پاکستان نہیں پوری دنیا میں امن و اتحاد اوربین المسلمین کا مرکز ہے ،پاکستان میں مدارس بہت بڑی خدمت کررہے ہیں۔ بلال یاسین نے کہا کہ زندگی کو بامقصد بنائیں گے تو مرنے کے بعد بھی ہم زندہ رہیں گے ،مولانا فضل الرحیم قابل قدر شخصیت تھے ۔ سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی و دیگر مقررین نے بھی خطاب میں مرحوم حافظ فضل الرحیم اشرفی ؒ کی دینی خدمات پرانہیں خراج عقیدت پیش کیا۔