پی ٹی آئی، تحریک تحفظ آئین کا عمران کی رہائی کیلئے جلسے، جلوسوں کا اعلان
مائنس عمران کا ماحول بنایا جا رہا ، ایسی ہر کوشش کی مزاحمت کرینگے ، سیاست اداروں کا کام نہیں :محموداچکزئی پاکستانی قوم عمران کیساتھ ہے :سلمان اکرم ،پرامن جدوجہد کرنا ہمارا آئینی حق :اسد قیصر،پریس کانفرنس
لاہور(آئی این پی ،مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن ) پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آئین کے تحفظ اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے جلسے ،جلوس کرنے کااعلان کر دیا۔ یہ بات تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی ، پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ ، اسد قیصر ، سردار لطیف کھوسہ ، عمر ڈار اور حقوق خلق پارٹی کے عمار جان نے لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کی ۔ اس موقع پر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ تمام ادارے برباد ہو چکے ، دنیا میں کہیں نہیں سنا کسی پارٹی کا انتخابی نشان لے لیا جائے ، بانی پی ٹی آئی اس ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے ، یہاں آج وفاداریاں نہ بیچنے والے غدار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ، نواز شریف ، شہباز شریف ، آصف زرداری، عمران خان بڑے آدمی ہوں گے لیکن سب سے بڑا پاکستان ہے ، ہم نے فیصلہ کر لیا ہے گلی گلی جائیں گے ،اداروں سے کہتے ہیں کہ سیاست آپ کا کام نہیں ۔سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے کہا کہ مائنس عمران خان کا ماحول بنایا جا رہا ہے ، ایسی ہر کوشش کی مزاحمت کرینگے ، آ پ کون ہوتے ہیں مائنس کرنے والے ، ہم جلسے کریں گے اور جلوس نکالیں گے ، وارننگ دے رہے ہیں ہمارا راستہ نہ روکنا ، ہمیں جدو جہد نہ کرنے دی گئی تو پھر آپ کی جیلیں بھر جائیں گی ۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ سیاست کا واحد محور یہ ہے کہ ہم بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم آخری دم تک عمران خان کے ساتھ وفا نبھائیں گے ، آج پاکستانی قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے ، تاریخ گواہ ہے کہ عوام کے ریلے کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی اور عوام کا یہ ریلا عمران خان کو آزاد کرائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا مجھے حکم ہے میں مشاورت اور رہنمائی محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے لوں اور ہم ان کی رہنمائی اور مشاورت سے آگے بڑھیں گے ،آج کسان رو رہا ہے ، مزدور بے روزگار ہے ، بے روزگاری پاکستان کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے اور ایک بے حس حکومت عیاشیاں کر رہی ہے لیکن مزدور کا چولہا نہیں جل رہا ۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ یہ عمران خان کی پارٹی ہے اوراگر کوئی سمجھتا ہے وہ بانی کی جگہ لے سکتا ہے تو وہ غلط فہمی میں ہے ، پرامن جدوجہد کرنا ہمارا آئینی حق ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں کسانوں کا استحصال ہو رہا ہے ، ہم کسانوں کے ساتھ ہیں اوران کے ساتھ مل کر تحریک چلائیں گے۔