ملک کے بعض علاقوں میں آج بارش ،ژالہ باری کی پیشگوئی

 ملک کے بعض علاقوں میں آج بارش ،ژالہ باری کی پیشگوئی

پختونخوا:بالائی اضلاع میں گلوف،آزادکشمیر کے نالوں میں طغیانی کا خطرہ فضائی آلودگی :لاہور ایک بار پھر دنیا میں سرفہرست، دہلی کا دوسرا نمبر

اسلام آباد،مظفرآباد،پشاور (دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی )محکمہ موسمیات نے ملک کے بعض علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹے کے د وران بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی۔ تاہم ملک کے جنوبی علاقے خشک اور شدید گرم رہنے کی توقع ہے ۔تفصیلات کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں آج چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش،چند مقامات پر ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ دریں اثناء گزشتہ روز بھی جنوبی علاقوں میں موسم شدید گرم رہا، گلگت بلتستان ، بالائی پنجاب میں میانوالی ،چشمہ، پپلاں اور ہرنولی سمیت چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ، فیسکو کے متعدد فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے ۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق آزادکشمیر میں درجہ حرارت میں اضافے کے باعث برف تیزی سے پگھل رہی ہے ،دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بڑھ گیاہے ۔ دریں اثناء پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پختونخوا نے بالائی اضلاع میں گلیشیئر جھیل پھٹنے (گلوف)کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے ، موسمی انتباہ کے مطابق آج 3 مئی سے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے جس سے چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں بعض مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے ، گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے کے باعث فلیش فلڈ کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے ۔ دوسری جانب فضائی آلودگی کی عالمی فہرست میں لاہور ایک بار پھر آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا اورلاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 176 ریکارڈ کرتے ہوئے شہر کی فضا کو مضرِ صحت قرار دے دیا گیا،انڈونیشیا کا دارالحکومت جکارتہ 173 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرا،بھارتی دارالحکومت دہلی 163 ایئر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ دنیا کا تیسرا آلودہ ترین شہر جبکہ مصر کا شہر قاہرہ اور بنگلادیش کا دارالحکومت ڈھاکہ بھی ٹاپ فائیو میں شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں