چارسدہ:فائرنگ سے سابق ایم پی اے مولانا ادریس جاں بحق
نامعلوم افراد نے گاڑی کو نشانہ بنایا، 2 محافظ زخمی، صدر و وزیراعظم کی مذمت مولانا نے اسلام اور ملک کے دفاع کی قیمت چکائی:فضل الرحمن، احتجاج کا اعلان
چارسدہ، اسلام آباد (دنیا نیوز، اپنے رپورٹر سے ، نامہ نگار) نامعلوم افراد کی فائرنگ سے معروف عالم دین اور سابق ایم پی اے شیخ الحدیث مولانا ادریس جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کے دو محافظ شدید زخمی ہو گئے ۔ واقعے کے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) نے ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کر دیا ہے ۔پولیس کے مطابق اتمانزئی کے علاقے میں نامعلوم حملہ آوروں نے مولانا ادریس کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کے ساتھ موجود دو گن مین زخمی ہو گئے ۔ لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے ۔ڈپٹی کمشنر چارسدہ نے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ خیبر پختونخوا پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش کیلئے سی ٹی ڈی اور ضلعی پولیس پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملہ چار دہشت گردوں نے کیا۔مولانا فضل الرحمن نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ادریس نے اسلام اور پاکستان کے دفاع کی قیمت چکائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہید ہمیشہ امن کے داعی رہے ، مگر خود بدامنی کا نشانہ بن گئے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کرکے عبرت کا نشان بنایا جائے ۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین، جن میں صدر محمد تقی عثمانی اور ناظم اعلیٰ محمد حنیف جالندھری شامل ہیں، نے بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے ایسے بزدلانہ واقعات قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے اور دہشت گرد عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے اعلان کیا ہے کہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں اور اضلاع میں آج اور کل پرامن احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ علماء کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ تشویشناک ہے اور ریاست کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہیے ۔دریں اثنا مولانا ادریس کے قتل کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی مردان میں درج کر لیا گیا ہے ۔ ایف آئی آر زخمی پولیس کانسٹیبل شیر عالم کی مدعیت میں درج کی گئی جس میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔