پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا خونی ریلا، متحدہ اراکین اسمبلی

پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا خونی ریلا، متحدہ اراکین اسمبلی

حکومت آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کے بجائے اپنی شاہ خرچیوں کو کم کرے اضافہ واپس نہ لیا گیا تو اسمبلی کے اندر اور باہر بھرپور عوامی مہم چلائیں گے ، بیان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکین قومی اسمبلی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے ملک کے غریب و متوسط طبقے پر بجلی گرانے کے مترادف قرار دیا ہے ۔ حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے شدید احتجاج کرتے ہوئے واضح کیا کہ عوام اب حکومت کی معاشی نااہلی کا بوجھ مزید نہیں اٹھا سکتے ۔ حق پرست اراکین نے مرکز بہادر آباد سے جاری بیان میں کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ صرف ایک عدد کی تبدیلی نہیں بلکہ مہنگائی کا وہ خونی ریلا ہے جو غریب کے کچن سے لے کر کسان کے کھیت  تک تباہی پھیلا دے گا۔ انہوں نے اسے حکومت کی جانب سے عوام کی جیبوں پر منظم ڈاکا قرار دیا۔ اراکین اسمبلی نے مؤقف اختیار کیا کہ ایک طرف عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسا جا رہا ہے تو دوسری جانب اشرافیہ، وزرا اور بیوروکریسی کو مفت پٹرول کی فراہمی جاری ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومتی عہدیداروں کا مفت پٹرول کوٹہ فوری ختم کیا جائے ، ترقیاتی فنڈز کے بجائے براہ راست عوامی ریلیف کو ترجیح دی جائے ۔ بیان میں یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا کہ عالمی سطح پر قیمتوں میں استحکام کے باوجود پاکستان میں صرف پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی اور بھاری محصولات کے ذریعے عوام کا استحصال کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کے بجائے اپنی شاہ خرچیاں کم کرے ۔ انہوں نے ایوان اقتدار کو متنبہ کیا کہ اگر یہ ظالمانہ اضافہ واپس نہ لیا گیا تو وہ اسمبلی کے اندر اور باہر بھرپور عوامی مہم چلائیں گے ، انہوں نے کہا کہ ہم یہاں خاموش تماشائی بننے نہیں بلکہ عوام کے حقوق کی پہرے داری کرنے آئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں