کئی شہروں میں طوفانی ہوائیں، بارش، 2افراد جاں بحق،11زخمی

 کئی شہروں میں طوفانی ہوائیں، بارش، 2افراد جاں بحق،11زخمی

لاہور میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا،موسم خوشگوار ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ بھی جاری آسمانی بجلی ،دیواریں گرنے کے واقعات پختونخوا میں ہوئے ،بجلی کی فراہمی معطل

 لاہور،پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک )ملک کے مختلف شہروں میں طوفانی ہواؤں ، تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ،پختونخوا میں اس دوران آسمانی بجلی گرنے ، دیواریں اور چھتیں منہدم ہونے کے واقعات میں 2افراد جاں بحق، 11زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے  مطابق لاہور میں گزشتہ روز رات گئے مختلف علاقوں میں گرد آلود طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، ڈیرہ غازی خان، ملتان،اسلام آباد،راولپنڈی ،مری میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو ئی ۔ادھر پختونخوا میں پشاور،مردان ،صوابی ،چارسدہ سمیت دیگر اضلاع میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ شدید بارش کے دوران شریف آباد میں دیوار گرنے سے 28 سالہ عثمان جبکہ توت کلے میں دکان کا شٹر گرنے سے 17 سالہ اسامہ جاں بحق ہوگیا۔اسی دوران منصب پل کے قریب چھت گرنے سے 4 افراد ،گدر ساولڈھیر میں دیوار گرنے کے باعث 10 سالہ حبیبہ،ہاتھیان کے علاقے میں 45 سالہ شفیق،کالوخان میں سولر پینل گرنے سے ایک بچہ،یار حسین اڈا میں بورڈ گرنے سے 2 افراد،ترلاندی میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد زخمی ہوگئے ۔ریسکیو 1122 اہلکاروں نے تمام زخمیوں کومتعلقہ ہسپتالوں میں منتقل کردیا ۔علاوہ ازیں مختلف علاقوں میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا جبکہ پشاور الیکٹرسٹی سپلائی کمپنی (پیسکو)ریجن میں 159 فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ ادھر آزاد کشمیر میں نیلم ویلی ، مظفر آباد اور ایبٹ آباد کے گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔ دریں اثنا صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے صوبہ بھر میں گردوغبار، آندھی اور بارشوں بارے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج سے کل 12 مئی تک بارش کا امکان ہے ،صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں