عیدالاضحی 27مئی کو ہونے کا امکان ،سپارکو نے پیشگوئی کردی
نیا چاند 17مئی کو رات 1بج کر 1منٹ پر پیدا ہونے کی توقع ہے :ترجمان سپارکو
لاہور (دنیا نیوز،این این آئی)ذوالحج 1447ہجری کے چاند کی متوقع رویت سے متعلق سپارکو کی پیشگوئی سامنے آگئی ،عیدالاضحی 27مئی کو ہونے کا امکان ہے ۔ سپارکو ترجمان کے مطابق نیا چاند 17مئی 2026ء کو رات 1بج کر 1منٹ پر پیدا ہونے کا امکان ہے اور اسی روز شام کے وقت چاند کی عمر تقریباً 18گھنٹے 30 منٹ متوقع ہے ،صاف موسم اور بہتر حدِ نگاہ کی صورت میں چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔ فلکیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر سپارکو نے امکان ظاہر کیا ہے کہ یکم ذوالحج 1447ہجری 18مئی 2026ء بروز پیر کو ہوگی جبکہ عیدالاضحی 27مئی 2026بروز بدھ منائے جانے کی توقع ہے ،سپارکو نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام اندازے فلکیاتی حسابات پر مبنی ہیں ، ذوالحج کے چاند کی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز کے بارے میں حتمی فیصلہ پاکستان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔سپارکو نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ملک بھر سے موصول ہونے والی معتبر شہادتوں اور مصدقہ مشاہدات کی بنیاد پر اسلامی مہینوں کے آغاز کا اعلان کرنے کا مجاز ادارہ ہے۔