سینیٹ میں گرما گرمی ، حکومتی ارکان کی برتری برقرار رہی
اپوزیشن کے احتجاج کے باوجود حکومت بل منظور کرنے میں کامیاب رہی
اسلام آباد (سید قیصر شاہ) سینیٹ اجلاس کا ماحول اس بار بھی خاصا گرم رہا جہاں حکومتی اکثریت نے اپوزیشن کے احتجاج کے باوجود باربرداری بذریعہ ہوائی جہاز (ترمیمی) بل کثرت رائے سے منظور کروا لیا۔ منظوری کے وقت اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا تاہم پریذائیڈنگ آفیسر نے رائے شماری مکمل کر کے کارروائی آگے بڑھائی۔ اجلاس کے اختتام تک ایوان میں حکومتی ارکان کی برتری برقرار رہی۔ وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل نے ایوان میں مختلف سوالات کے جوابات دئیے جبکہ چیئرمین سینیٹ نے واضح کیا کہ متعلقہ وزارت کا کوئی بھی رکن سوالات کے جواب دینے کا مجاز ہوتا ہے ۔اجلاس کے دوران ایک موقع پر پیپلز پارٹی کے سینیٹر شہادت اعوان نے میڈیا کو اشتہارات کی مد میں گزشتہ تین برسوں کی ادائیگیوں سے متعلق سوال اٹھایا اور اس پر بار بار جواب نہ ملنے کی نشاندہی کی۔ اپوزیشن نے بھی ان کے مؤقف کی حمایت کی۔چیئرمین سینیٹ نے متعلقہ وزارت کو ہدایت کی کہ سوال کا مکمل جواب منگل کو ایوان میں پیش کیا جائے جبکہ وفاقی وزیر نے کہا کہ تفصیلی ریکارڈ فوری طور پر فراہم کرنا ممکن نہیں تاہم رواں سیشن میں جواب دے دیا جائے گا۔