سٹیٹ بینک:عید الاضحی پرملک گیر سطح پر گو کیش لیس مہم کاآغاز
اقدام سٹیٹ بینک کے وسیع اسٹریٹجک وژن کاحصہ، مقصد نقد رقم پر انحصار کم کرنا
کراچی(کامرس رپورٹر)بینک دولتِ پاکستا ن نے عید الاضحیٰ پر ملک گیر گو کیش لیس مہم کا آغاز کردیا، تاکہ پاکستان بھر کی مویشی منڈیوں میں محفوظ، آسان اور کیش لیس لین دین کو فروغ دیا جا سکے ، یہ اقدام سٹیٹ بینک کے وسیع تر اسٹریٹجک وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد نقد رقم پر انحصار کم کرنا اور ملک کے ادائیگی نظام کی ڈیجیٹائز یشن کو تیز کرنا ہے ، عید الاضحیٰ پرمویشی منڈیوں میں بڑے پیمانے پر اقتصادی اور تجارتی سرگرمیاں ہوتی ہیں، جن میں سے اکثر نقد لین دین پر انحصار کیا جاتا ہے ، لین دین کے اس بڑے پیمانے کو دیکھتے ہوئے اور ڈیجیٹل مالی شمولیت بڑھانے کے موقع کے پیش نظر اسٹیٹ بینک نے پچھلے چند برسوں سے اس سرگرمی کو فروغ دیا ہے تاکہ اس موسمی روایت کا فائدہ اٹھا کر مویشی منڈیوں میں ڈیجیٹل ادائیگی کے طریقوں کو رواج دیا جائے ، گزشتہ مہموں کی کامیابی کی بنیاد پر 2026ء میں اس اقدام کو نمایاں وسعت دی گئی۔ گزشتہ سال اس مہم میں ملک بھر کی 54 مویشی منڈیاں شامل تھیں ، جن کی تعداد اس سال 96 تک پہنچ گئی، گوکیش لیس مہم کے تحت ڈیجیٹل ادائیگیوں کو آسان بنانے کیلئے 22شریک کار بینک مقررہ مویشی منڈیوں میں خصوصی کیمپ اور کیاسک قائم کرینگے تاکہ خریداروں اور فروخت کنندگان کو سہولت ملے ، شریک بینک مویشی فروخت کرنے والوں، ٹرانسپورٹرز اور متعلقہ خدمت فراہم کرنے والوں کو اکاؤنٹ کھولنے اور کیو آر کوڈ کی بنیاد پر ادائیگی کے طریقوں کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگی کے چینلز پر شامل کرینگے ۔ سٹیٹ بینک نے لین دین یا اکاؤنٹ بیلنس کی حد میں عبوری نرمی کردی، جس کا اطلاق 05 جون تک ہوگا۔