خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے سیاسی و سفارتی راستہ ہی واحد حل : وزیر اعظم
یواے ای کے نیوکلیئر پلانٹ پر حملہ قابل مذمت ،امن و استحکام کیلئے سفارتکاری و مذاکرات ناگزیر :شہبازشریف سربراہ پاک بحریہ اور بانی فریڈم ہولڈنگ کارپوریشن کی ملاقات، بہتر وزارتوں کو ترقیاتی بجٹ میں ترجیح دینے کااعلان
اسلام آباد(نامہ نگار،نیوزایجنسیاں )وزیرِ اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے براکہ نیوکلیئر پلانٹ پر ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے ، خطے میں امن و استحکام کے لئے سفارتکاری اور مذاکرات ناگزیر ہیں جبکہ کشیدگی میں کمی کیلئے سیاسی اور سفارتی راستہ ہی واحد حل ہے ۔ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں جبکہ وزیرِ اعظم سے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف اوروزیرِ دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے ملاقات کی، جس میں بحری دفاع، پیشہ ورانہ تیاریوں اور قومی سلامتی سے متعلق امور زیرِ غور آئے ۔ وزیرِ اعظم سے فریڈم ہولڈنگ کارپوریشن کے بانی، چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر تیمور تورلوف بھی ملے۔ شہباز شریف نے تورلوف کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایوف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیرِاعظم نے پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، بشمول فریڈم گروپ کی شاخوں کے قیام، ڈیجیٹل مالیاتی خدمات اور کورسپانڈنٹ بینکاری شراکت داریوں میں گہری دلچسپی ظاہر کرنے پر تورلوف کا شکریہ ادا کیا اور فریڈم ہولڈنگ کارپوریشن کو پاکستان کی مالیاتی منڈیوں کی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔ تورلوف نے پاکستان کے اقتصادی مستقبل پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں طویل مدتی سٹریٹجک سرمایہ کاری کے مواقع کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے ۔ دریں اثنا وزیرِ اعظم شہباز شریف نے برس کے ترقیاتی بجٹ اور آئندہ مالی سال کیلئے ترقیاتی بجٹ (PSDP) کے منصوبوں پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ بہتر کارکردگی پر وزارتوں کو ترقیاتی بجٹ میں ترجیح دی جائے گی۔
ایسے ترقیاتی منصوبوں میں عوام کا پیسہ لگایا جائے گا جن کے نتائج یقینی ہوں۔ پانی کے ذخائر اور پن بجلی کے منصوبے ترقیاتی بجٹ خرچ کرنے کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں جبکہ پانی کے ذخائر کو بڑھانے کے منصوبوں کو بھی ترجیح دی جائے گی۔اجلاس میں قومی نوعیت کے پانی ذخیرہ اور پن بجلی منصوبوں بشمول داسو ڈیم، دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے پانڈا بانڈز کے کامیاب اجرا اور اس کی مارکیٹ میں پذیرائی پر وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی تعریف کی۔اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کرنے کی ہدایت دی گئی۔ چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی اورباہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا، پاک چین تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔