اسحاق ڈار سے سعودی سفیر کی ملاقات، قطری وزیر کو ٹیلیفون

اسحاق ڈار سے سعودی سفیر کی ملاقات، قطری وزیر کو ٹیلیفون

نواف بن سعید المالکی نے امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستانی کردار کو سراہا محمد بن عبدالعزیز الخلیفی کیساتھ گفتگو میں مکالمے و سفارتکاری کی اہمیت پر زور

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی گئی، اس موقع پر اسحاق ڈار نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات کے دوران حالیہ علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی سفیر نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔دریں اثنا اسحاق ڈار نے قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ محمد بن عبدالعزیز الخلیفی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں خطے کی بدلتی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی چیلنجز کے حل کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا۔گفتگو کے دوران، قطری وزیر مملکت نے پاکستان کے تعمیری کردار اور سفارتی کوششوں کو سراہا۔ اسحاق ڈار نے خطے اور عالمی سطح پر امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ بات چیت کے دوران اسلام آباد اور دوحہ کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور خطے کے جیوپولیٹیکل چیلنجز سے نمٹنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں فریقین نے علاقائی چیلنجز کے حل اور باہمی مفادات کے فروغ کے لیے مسلسل مکالمے اور سفارتکاری کی اہمیت کو دہرایا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں