ترقیاتی بجٹ کیلئے 1126 ارب روپے مختص کرنیکافیصلہ

ترقیاتی بجٹ کیلئے 1126 ارب روپے مختص کرنیکافیصلہ

70 ارب ارکان پارلیمنٹ کی سکیموں پرخرچ ہونگے ،10ماہ میں 44 ارب خرچ شہباز شریف پی ایس ڈی پی بجٹ بڑھانے کے خواہش مند،حکام دوبارہ طلب

اسلام آباد(مدثرعلی رانا)باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے آئندہ مالی سال 2026-27 کیلئے ترقیاتی بجٹ کی مد میں 1126 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سے 70 ارب روپے ارکان پارلیمنٹ کو ایس ڈی جیز پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرنے کیلئے فراہم کیے جائیں گے ۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت آئندہ بجٹ میں پی ایس ڈی پی منصوبوں کیلئے جائزہ اجلاس میں وزارت خزانہ کی جانب سے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے 1.1 ٹریلین روپے کی انڈیکیٹو بجٹ سیلنگ دی گئی اور وزیراعظم کو بتایا گیاکہ رواں مالی سال کے دوران 820 ارب روپے تک ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے ۔ پلاننگ کمیشن حکام نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ دس ماہ میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر صرف 470 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں ، ارکان پارلیمنٹ کی ترقیاتی سکیموں کیلئے تمام 63 ارب کے اجراء کی منظوری دی گئی ، جس میں سے دس ماہ کے دوران 44 ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔

رواں مالی سال کیلئے ترقیاتی بجٹ ابتدائی طور پر 1400 ارب روپے فائنل کیا گیا تھا ، بجٹ میں حتمی سائز 1 ہزار ارب روپے مختص کیا گیا تھا جبکہ اب مالی سال کے اختتام پر پی ایس ڈی پی میں کٹوتی کے باعث محض 820 روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے جا سکیں گے ۔ وزارت خزانہ حکام نے بتایا آئندہ مالی سال کیلئے مالیاتی گنجائش کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کیلئے بجٹ مختص کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت خزانہ اور وزارت منصوبہ بندی حکام کو پی ایس ڈی پی منصوبوں کیلئے دوبارہ بھی طلب کیا ہے کیونکہ وزیراعظم پی ایس ڈی پی بجٹ سائز کو مزید بڑھانے کے خواہش مند ہیں لیکن ذرائع بتاتے ہیں کہ موجودہ مالیاتی گنجائش کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی بجٹ اس سے زیادہ نہیں فراہم کیا جا سکے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں